( حافظ شہباز علی ) قومی ٹیسٹ کپتان اظہر علی نے کہا کہ کوویڈ 19 کی ٹیسٹنگ کی وجہ سے پریشانی نہیں تھی تاہم ساتھی کھلاڑیوں کے ٹیسٹ پازیٹو آئے تو حیرانگی ہوئی، تمام کھلاڑی انگلینڈ کے خلاف سیریز میں عمدہ کارکردگی دکھانے کے لئے پرعزم ہیں۔
دورہ انگلینڈ کے حوالے سے ویڈیو لنک کانفرنس کرتے ہوئے ٹیسٹ کپتان اظہرعلی کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس ٹیسٹنگ اور بائیو سیکور ماحول کے جلد عادی ہوجائیں گے اپنے گھروں سے زیادہ ہوٹل میں محفوظ محسوس کر رہے ہیں۔ خوشی ہے کہ کرکٹ شروع ہو رہی ہے تمام کھلاڑی کرکٹ میں واپسی پر بہت جوش ہیں۔
اظہر علی کا کہنا ہے کہ انگلینڈ میں ہمیشہ پاکستان کی کارکردگی اچھی رہی ہے، انگلینڈ کا باؤلنگ اٹیک تجربہ کار ہے جبکہ ہمارے باولرز کی اسکل بہترہے۔
ٹیسٹ کپتان کا کہنا تھا کہ ہم بغیر کراؤڈ کے کرکٹ کھیلنے کے عادی ہیں تاہم سیریز کے دوران میدان میں انگلش کراؤڈ کو مس کریں گے۔