(جنید ریاض) سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی مون سون سے قبل سکول سربراہان کو الرٹ جاری کردیا، ڈینگی مچھر کے تدارک کیلئے سکولوں میں صفائی ستھرائی کے انتظامات کو بہتربنانے کی ہدایت کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے سکول سربراہان کو مون سون سے قبل ڈینگی سے نپٹنے کے لئے ایس او پیز جاری کردی۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ سکول سربراہان کلاس رومز، چھتوں ، ٹائلٹس اور صحن باقاعدگی سے صفائی کروائیں گے۔سکولوں کے لان میں گھاس کاٹی جائے اور مچھر مار سپرے کیا جائے گا۔پانی کی لیکج کو بند کیا جائے اور سکول کی چاردیواری میں پانی کو کھڑا نہ ہونے دیا جائے۔
آل ٹیچرزایسوسی ایشن میونسپل کیڈر کے نائب صدر آصف گوہر کا کہنا ہے کہ ڈینگی مچھر کی افزائش روکنے کے لیے سکولوں کے پاس فنڈز نہیں، این ایس بی کی آخری قسط فوری جاری کی جائے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ سکولوں میں ڈینگی تدارک کے لئےاقدامات نہ ہونے پر سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے نوٹس لیا تھا،تمام سکولوں کے سربراہان کو وارننگ لیٹرز جاری کئے گئے،ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی لاہور کا کہناتھا کہ ڈپٹی ڈی ای اوز اور اے ای اوزسکولوں کو وزٹ لازمی کریں گے،جبکہ سی ای او ایجوکیشن اتھارٹی کا خود بھی سکولوں کا وزٹ کرنا لازمی ہوگا۔
انسداد ڈینگی مہم نہ چلانےوالےسکولوں کے سربراہوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، انسداد ڈینگی مہم کی تصاویر پی آئی ٹی بی بورڈ کی ویب سائٹ پر لازمی آپ لوڈ کی جائیں گی۔
یاد رہے کہ رواں سال سکولوں میں انسداد ڈینگی مہم کے بارےمحکمہ سکول ایجوکیشن کی جانب سے ڈینگی کے سدباب کے لئے فوراً مہم چلانے کا فیصلہ کیاگیا تھا۔محکمہ سکول ایجوکیشن نے احکامات میں کہا تھا کہ سربراہان سکولوں میں انسداد ڈینگی کے لئے مچھر مارنے کا سپرے کرانے کے پابند ہوں گے جبکہ بچوں کے آدھے بازو والی شرٹس پہننے پر بھی پابندی ہوگی۔ نجی و سرکاری سکولوں میں انسداد ڈینگی مہم کے حوالے سے ہدایات بھی جاری کر دی گئیں تھیں۔