پنجاب اسمبلی، یکم جولائی سے نئے ٹیکسز کے نفاذ اور ریلیف کی منظوری

27 Jun, 2020 | 10:11 AM

Sughra Afzal

مال روڈ (علی اکبر) پنجاب اسمبلی نے یکم جولائی سے نئے ٹیکسز کے نفاذ اور ریلیف کی منظوری دے دی۔

 پنجاب کے آئندہ مالی سال 2020-21ء کے فنانس بل میں حکومت نے جی ایس ٹی آن سروسز ، کنسٹرکشن سروسز، پراپرٹی ٹیکس، تفریحی (انٹرٹینمنٹ) ٹیکس میں جہاں متعدد مراعات اور چھوٹ دینے تجاویز دی گئی ہیں وہیں پر آن لائن ٹیکسی سروسز استعمال کرنے والے صارفین پر نیا ٹیکس (رائیڈ، ہیلنگ سروسز)عائد کر دیا گیا ہے جس کی شرح 4فیصد مقرر کی گئی ہے، سٹیمپ ایکٹ 1899میں ترمیم کرتے ہوئے کئی اقسام کی سٹیمپ ڈیوٹی کی شرح 5فیصد سے کم کرکے ایک فیصد کرنے کی تجویز منظور کی گئی ہے۔

 واضح رہے کہ مراعات اور سٹیمپ ڈیوٹی میں چھوٹ رواں مالی سال دو ماہ کے لئے دی گئی تھی جسے آئندہ مالی سال میں بھی جاری رکھنے کی منظوری دی گئی۔ جی ایس ٹی آن سروسز کی مد میں ہیلتھ انشورنس، ڈاکٹروں کی کنسلٹنسی اور ہسپتالوں پر ٹیکس کی شرح 5 فیصد کر کے صفر فیصد کرنے کی منظوری، 20 سے زائد سروسز پر ٹیکس ریٹ 16 فیصد سے کم کر کے 5 فیصد کرنے کی کی تجویز منظور کر لی گئی جن میں چھوٹے ہوٹلز، موٹلز، گیسٹ ہاؤسز، شادی ہالز، لانز، پنڈال، شامیانہ سروسز اور کیٹررز، آئی ٹی سروسز، ٹور آپریٹرز، جمز، پراپرٹی ڈیلرز، کیبل ٹی وی آپریٹرز، ٹریٹمنٹ آف ٹیکسٹائل اینڈ لیدر، زرعی اجناس سے متعلقہ کمیشن ایجنٹس، آڈٹ، اکاؤنٹنگ اینڈ ٹیکس کنسلٹنسی سروسز، فوٹو گرافی اور پارکنگ سروسز شامل ہیں۔

 پراپرٹی بلڈرز اور ڈویلپرز سے بالترتیب 50 روپے فی مربع فٹ اور 100روپے فی مربع گز ٹیکس وصول کرنے کی تجویز منظور کر لی گئی، جو شخص پراپرٹی بلڈرز اور ڈویلپرز کے طور پر ٹیکس ادا کرے گا، اسے کنسٹرکشن سروسز سے ٹیکس چھوٹ ہو گی، ریسٹورنٹس اور بیوٹی پارلرز پر بذریعہ کیش ادائیگی کرنے والے صارفین سے 16 فیصد جبکہ کریڈٹ یا ڈیبٹ کارڈ سے ادائیگی کی صورت میں 5فیصد جنرل سیلز ٹیکس وصول کرنے کی تجویز منظور کر لی گئی۔

مزیدخبریں