وزیراعلیٰ پنجاب نے کورونا ٹیسٹ کرنیوالی 8 نئی مشینیں خریدنے کی منظوری دیدی

27 Jun, 2020 | 09:05 AM

Sughra Afzal

مال روڈ (علی اکبر) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کورونا ٹیسٹ کرنیوالی 8 نئی مشینیں خریدنے کی منظوری دیدی ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے محکمہ صحت کو ہدایت کی گئی ہے کہ یومیہ ٹیسٹ کی صلاحیت میں اضافہ کیا جائے، جس کیلئے مزید مشینیں خریدنے کی منظوری دی گئی، یہ مشین یومیہ 1500 ٹیسٹ کرسکیں گی، جس کے بعد محکمہ صحت پنجاب کے پاس یومیہ ٹیسٹ کرنے کی صلاحیت 13 ہزار500 کے قریب ہو جائے گی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی پنجاب اسمبلی کے بجٹ سیشن میں شرکت کی اور اپنے چیمبر میں فائل ورک اور سرکاری امور بھی نمٹائے، انہوں نے کہاکہ ہر شہر ترقی کی راہ پر گامزن ہو گا۔ پنجاب بدل رہا ہے ، ترقی عوام پر خوشگوار اثرات مرتب کرے گی۔

 بعد ازاں وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے پنجاب اسمبلی کے بجٹ سیشن میں شرکت کی، وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ ماضی میں سرکاری وسائل کو ذاتی مال سمجھ کر خرچ کیا گیا، ان کی حکومت نے ہر سطح پر بچت اور کفایت شعاری کو فروغ دیا ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار مہنگائی اور ذخیرہ اندوزی کے سدباب، مون سون کی پلاننگ اور عوامی خدمت کے دیگر امور کے بارے میں متعلقہ محکموں کی کارکردگی پر برہم ہو گئے۔

ایوان وزیر اعلیٰ میں منعقدہ اعلیٰ سطح کے خصوصی اجلاس میں وزیر اعلیٰ  پنجاب عثمان بزدار نے بروقت اقدامات نہ کرنے پر متعلقہ حکام کی سخت سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ محکموں کو اب کام کر کے دکھانا ہو گا، سست روی بالکل برداشت نہیں، سرکاری محکمے عوامی مسائل کے حل کیلئے پیشگی اقدامات کریں۔

  وزیراعلیٰ پنجاب سے لاہور فوٹو جرنلسٹ ایسوسی ایشن کے صدر اقبال چودھری کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی، اقبال چودھری نے وزیراعلیٰ کومسائل سے آگاہ کیا، وزیراعلیٰ پنجاب نے فوٹو جرنلسٹ ایسوسی ایشن کی سابق دورمیں روکی جانیوالی گرانٹ بحال کرنے کی یقین دہانی کرائی

وفد میں فوٹو جرنلسٹ ایسوسی ایشن لاہور کے نائب صدر صداقت مغل، سیکرٹری پرویز الطاف، سینئر ممبر عمر شریف اورممبر گورننگ باڈی لاہور پریس کلب عمران شیخ شامل تھے۔

  وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے جماعت اسلامی کے سابق امیر سید منور حسن کے انتقال پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہارکیا ہے، وزیر اعلی عثمان بزدارنے سید منور حسن کی دینی اور سیاسی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ سید منور حسن جیسے اجلے لوگ معاشرے کا حسن ہوتے ہیں۔

مزیدخبریں