( فخر امام ) شاہدرہ ٹاؤن کے علاقے میں معمولی تلخ کلامی پر ہمسائے نے فائرنگ کر کے نوجوان کو قتل کر دیا، پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کر دیا۔
شاہدرہ ٹاؤن کے علاقے میں 26 سالہ عبداللہ نامی نوجوان کو معمولی تلخ کلامی پر فائرنگ کرکے قتل کر دیا گیا، پولیس اور فرانزک نے موقع سے شواہد اکھٹے کر کے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کردیا۔ ایس پی سٹی سید غضنفر علی شاہ نے ورثا کو ملزمان کے جلد گرفتار کرنے کی یقین دہانی کروا دی۔
پولیس کے مطابق ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دے کر ریڈ کیے جا رہے ہیں۔ مقتول ایک بچے کا باپ تھا جبکہ اس کی بیوی کی بھی گزشتہ ماہ وفات ہوئی تھی، اہلخانہ کے مطابق ملزمان بااثر ہیں۔