(قذافی بٹ) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے سابق دور میں لاہور کے حلقوں کیلئے اربوں روپے کے فنڈز کے اجراء پر تحقیقات کا حکم دے دیا، انہوں نے کہا کہ سابق دور میں عام انتخابات سے قبل جاری ہونے والے اربوں روپے کے فنڈز اور ان کے استعمال کی غیر جانبدارانہ انکوائری ہوگی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار سے پنجاب اسمبلی کے کمیٹی روم میں لاہور ڈویژن سے تعلق رکھنے والے اراکین صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی، وزیر اعلیٰ نے عوامی مسائل کے حل اور فلاح عامہ کے منصوبوں کے حوالے سے متعلقہ حکام کو موقع پر ہدایات دیں,دوران ملاقات سردارعثمان بزدار کا کہنا تھا کہ کسی کو قومی وسائل کی لوٹ مار نہیں کرنے دیں گے.
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سابق دور میں لاہور کے حلقوں کیلئے سرکاری خزانے سے اربوں روپے کے فنڈز کے اجراء اور خرچ کی تحقیقات کرائی جائیں گی، وزیراعلیٰ نےلاہور سے مریدکے اور نارنگ منڈی تک لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی کی بسوں کو دوبارہ چلانے کی ہدایت کی, انہوں نے لاہور ڈویژن سمیت صوبے کی 257 غیر فعال واٹر سپلائی سکیمو ں کی بحالی کا اعلان بھی کیا،
اجلاس میں صوبائی وزراء میاں محمودالرشید، میاں اسلم اقبال، مراد راس، آصف نکئی، ہاشم ڈوگر، خالد محمود، یاسمین راشد، چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، سینئرممبر بورڈ آف ریونیو، پرنسپل سیکرٹری وزیر اعلیٰ، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز، کمشنر لاہور ڈویژن، سی سی پی او لاہور، آر پی او شیخوپورہ، لاہور، قصور، شیخوپورہ اور ننکانہ صاحب کے ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز بھی موجود تھے۔