ثمرہ فاطمہ: سبزہ زار بی بلاک کی تکونی پارک انتظامیہ کی غفلت کا شکار ہو گیا۔ انتظامیہ نے بارش کے پانی کے بروقت ڈسپوزل کو یقینی نہیں بنایا، پارک میں جمع سیوریج ملے بارش کے پانی کو کائی لگ گئی۔ پارک میں جمع پانی مچھروں کی افزائش کا باعث بننے لگا ہے لیکن انتظامیہ وبا پھیلنے کے تمام خطرات کو فراموش کر کے اس پارک کی حالت سے لاتعلقی کا رویہ اپنائے ہوئے ہے۔
سبزہ زار بی بلاک کا تکونی پارک انتظامیہ کی غفلت کی بھینٹ چڑھ گیا۔ پارک کے جنگلے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں۔ جھولوں کی حالت خستہ ہوگئی ہے اور وہ بچوں کے کھیلنے کے لئے خطرناک ہو چکے ہیں ۔
پارک میں پندرہ دن سے سیوریج ملا بارشی پانی جمع ہے۔ کئی دنوں سے منجمد پانی کو کائی لگ گئی۔ پارک میں تعفن پھیلا ہوا ہے اور گندگی مچھروں کی بہتات میں اضافہ کا باعث بن رہی ہے۔
علاقہ کے مکینوں کا کہنا ہے ہم تعفن زدہ فضا میں سانس لے رہے ہیں۔ صبح اٹھ کر سیر کے لئے پارک نہیں آ سکتے کیونکہ یہاں تو فضا مین وائرس پنپ رہے ہیں۔ پارک کی ابتر صورتحال کے باعث بچوں کی تفریحی سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں۔ پارک بچوں کے لئے خوشی کی جگہ ہوتا ہے لیکن اس پارک میں آ کر تو بچے صرف بیمار اور غمگین ہی ہو سکتے ہیں۔
ریٹائرڈ اور معمر شہری بھی کھلی فضا میں درختوں کے سائے تلے بیٹھنے سے قاصر ہیں۔ مکینوں نے انتظامیہ سے پارک سے پانی کی نکاسی اور صفائی ستھرائی یقینی بنا نے کی اپیل کی ہے۔