ویب ڈیسک : 25 جون سے 26 جولائی تک ہونے والی مون سون بارشوں کے دوران مختلف حادثات میں کتنے افراد جاں بحق ہونے والوں کی تعداد سے متعلق این ڈی ایم اے نے رپورٹ جاری کر دی ہے۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق رواں سال 25 جون سے 26 جولائی تک ہونے والی مون سون بارشوں کے دوران مختلف حادثات میں ملک بھر سے 157 افراد جاں بحق ہوئے ہیں جن میں مردوں کی تعداد 65، خواتین کی تعداد 28 جبکہ بچوں کی تعداد 64 ہے۔ این ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق پنجاب بھر میں سب سے زیادہ اموات ہوئیں جن کی تعداد 67 ہے، اسلام آباد میں 11، خیبر پختونخوا میں 41، بلوچستان میں 7، سندھ میں 20، آزاد کشمیر سے 6 جبکہ گلگت بلتستان میں 5 افراد جاں کی موت رپورٹ ہوئی۔
این ڈی ایم اے کی رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ ملک بھر میں حالیہ بارشوں کے دوران کل 249 افراد زخمی ہوئے جن میں 106 مرد، 71 عورتیں جبکہ 72 بچے شامل ہیں، جن میں سے صرف پنجاب میں زخمی ہونے والوں کی تعداد 157 ہے۔ رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ حالیہ بارشوں اور سیلاب سے کل 643 گھروں کو نقصان ہوا، 330 مویشی پانی میں بہہ گئے جبکہ گزشتہ روز ہونےوالی طوفانی بارش کے باعث 7 افراد جان کی بازی ہار گئے، 16 زخمی ہوئے جبکہ 175 گھروں کو نقصان پہنچا ہے۔