(راؤدلشاد) محرم الحرام کی آمد سے قبل جلوسوں اور مجالس کے لیے انتظامات مکمل کرلئے گئے،نو زونز میں جلوسوں اور مجالس کےلیے سول ورکس اور لائٹس کے لئے 27 کروڑ خرچ ہوں گے۔
تفصیلات کےمطابق شہر میں مجموعی طور پر ایک ہزار 55امام بارگاہوں ،مجالس اور ماتمی جلوسوں کے روٹس پر پیچ ورکس، لائٹس،کیو گارڈ پائپس اور خار دار تاروں کی فراہمی کے انتظامات مکمل کرلیے گئے، ڈی سی آفس نے اے ،بی سی کیٹگری جلوسوں کے روٹس کا پلان جاری کر دیا۔
پیچ ورکس اور سٹریٹ لائٹس کےلئے 16 کروڑجبکہ جرنیٹر ،خار دار تاروں اور مستقل و عارضی لائٹس کی مد میں 11کروڑ روپے مختص کر دیئے، پیچ ورکس ،مین ہول کورز ،مسنگ سلیپس ،ٹوٹی ڈرین ،بڑی چھوٹی روڈ رپئیر پر ورکس کے کام قبل ازوقت مکمل کرنا ہوں گے، یکم محرم سے قبل انتظامات مکمل کرنے کےلیے ڈیوٹیاں سونپ دی گئیں۔
مرکزی شاہراہوں کے لئے 6کروڑ 10لاکھ لائٹس وپیچ ورکس پر خرچ کرنے کا پلان تیار کرلیاگیا، داتا گنج بخش زون میں سول ورکس کے لئے 2کروڑ 30 لاکھ جبکہ نشتر زون میں تین کروڑ 75لاکھ سول ورکس پر صرف ہوں گے،عزیز بھٹی ٹاؤن میں 2 کروڑ 94لاکھ جبکہ واہگہ زون میں2کروڑ 90لاکھ خرچ ہوں گے،شالامار زون میں 1کروڑ 10لالھ اورسمن آباد زون میں 3کروڑ 55لاکھ انتظامات پر خرچ ہوں گے۔