ویب ڈیسک: چوہدری پرویز الہٰی نے ایوانِ صدر میں وزیراعلیٰ پنجاب کا حلف اٹھا لیا۔
اسلام آباد میں ایوانِ صدر میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پرویز الٰہی سے حلف لیا۔ حلف برداری کی تقریب میں فواد چودھری، پرویز خٹک، مونس الٰہی اور دیگر شریک تھے۔
چوہدری پرویز الہٰی حلف برداری کے لیے خصوصی طیارے کے ذریعے لاہور سے اسلام آباد پہنچے تھے۔قبل ازیں سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے کے بعد گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے چوہدری پرویز الہٰی سے وزارت اعلیٰ کا حلف لینے سے معذرت کرلی تھی۔
پی ٹی آئی پنجاب کے رہنما میاں محمود الرشید نے گورنر پنجاب کے انکار کے بعد صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے رابطہ کیا تھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سپریم کورٹ آف پاکستان نے چوہدری پرویز الہٰی کی درخواست منظور کرتے ہوئے وزیرِاعلیٰ پنجاب کے انتخاب میں ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری کی رولنگ کالعدم قرار دیدی تھی جبکہ پرویز الہٰی کو پنجاب کا وزیراعلیٰ قرار دیا تھا۔