(رضوان نقوی)ملاوٹی دودھ مافیا کے نئے حربے نا کام،پانی اور پاؤڈر کی ملاوٹ سے دودھ کی مقدار میں اضافہ کرنے والا مافیاپکڑا گیا۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے مطابق ڈیری سیفٹی ٹیم نے جوہر ٹاؤن کے قریب دودھ بردار ٹرک کی چیکنگ کے دوران 2 ہزار لیٹر ملاوٹی دودھ تلف کیا گیا۔ٹرک میں موجود دودھ کا موقع پر معیار چیک کیا گیا۔ناکے سے خالص دودھ کا ٹیسٹ پاس کرنے کے بعد پانی اور پاؤڈر کی ملاوٹ کی جاتی تھی۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی رفاقت علی نسوآنہ کے مطابق ایکسپو سنٹر کے پاس جھگیوں میں چھپ کر دودھ کی مقدار اور گاڑھا پن بڑھانے کیلئے ملاوٹ کی جاتی تھی،پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ریکی کر کے صحت دشمن مافیا کے نئے حربے کو بے نقاب کیا۔مضر صحت اجزاء کی ملاوٹ کرنے پر سپلائر اور ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کروا دیا گیا۔
دودھ میں پانی،پاؤڈر،کیمیکلز کی ملاوٹ بچوں اور بڑوں میں متعدد بیماریوں کا باعث بن سکتی ہے۔پنجاب فوڈ اتھارٹی قوانین کے مطابق دودھ میں کسی بھی قسم کی ملاوٹ سنگین جرم ہے۔لاہور کے داخلی راستوں پر ملک موبائل ٹیسٹنگ لیبز سے ملاوٹی دودھ کی سپلائی میں واضح کمی آئی ہے۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے بتایا کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر پنجاب فوڈ اتھارٹی ملاوٹ مافیا پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہے۔