یاسرہ رضوی کا والدین کو اہم مشورہ

27 Jul, 2021 | 08:03 AM

Sughra Afzal

گلبرگ (سٹی42) پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ یاسرہ رضوی نے معاشرے میں بڑھتے ہوئے تشدد کو روکنے کیلئے والدین کو اہم مشورہ دے دیا ہے۔

یاسرہ رضوی نے انسٹاگرام پر اپنے بیٹے کی تصویر شیئر کرتے ہوئے معاشرے میں بڑھتے ہوئے تشدد کو روکنے کے لیے خود سے ایک عہد کیا ہے اور باقی والدین کو بھی اس پر عمل کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ اداکارہ نے بیٹے کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ میں ایک ایسے بیٹے کی پرورش کرنے کا عہد کرتی ہوں جو مہربان، انسان دوست، انصاف پسند، ہمدرد اور قابل احترام ہو۔ ایک ایسا آدمی جس کے ساتھ خواتین، بچے، خواجہ سرا، دوسرے مرد، جانور اور ہرجاندار شے خود کو محفوظ محسوس کرے جس سے عورتوں کو کوئی خطرہ نہ ہو۔

انہوں نے لکھا کہ جو عورتوں کی کمزوری کو ان کا استحصال کرنے کے لائسنس نہ سمجھے جس کا پہلا ردّعمل ہمدردی ہو، جو متاثرہ شخص پر الزام نہیں عائد کرے، جو یہ سمجھتا ہو کہ انسانی زندگی کتنی قیمتی ہے۔

یاسرہ رضوی نے لکھا کہ جو یہ جانتا ہو کہ ہر انسان کے پاس خوشحالی اور کامیابی کا انتخاب کرکے آگے بڑھنے کا حق ہے، جو یہ سمجھتا ہو کہ وہ کسی کی رضامندی کے بغیر اسے چھو نہیں سکتا یا اس بارے میں بات نہیں کرسکتا اور جو یہ سمجھتا ہو کہ مرد بننا اس کی ذمہ داری ہے اس کا استحقاق نہیں ہے۔

اداکارہ نے لکھا کہ میں نہیں جانتی کہ ہم جن درندوں کے درمیان رہتے ہیں یا کسی معاشرے کی شرم و حیا کے بارے میں ہم کیا کر سکتے ہیں اس صورتحال کے خلاف احتجاج کرنے کے باوجود ہم اس وقت کا ایک حصہ ہیں لیکن ہم آج آغاز کرکے مستقبل کو تبدیل کرسکتے ہیں۔

انہوں نے مزید لکھا کہ اپنے بیٹوں کی پرورش کرتے وقت زیادہ دھیان رکھیں، اپنے بیٹوں پر زیادہ توجہ دیں، انہیں کل مسئلہ بننے سے آج ہی روکیں۔'

مزیدخبریں