(سعید احمد سعید) آل پاکستان ایجوکیشنل اکیڈمیز نے3اگست کواکیڈمیز کھولنے کا اعلان کردیا، کہا اگرحکومت کی جانب سے اکیڈمیز کھولنے اعلان نہ کیا گیا تو 4اگست کو ملک گیر احتجاجی دھرنے کی کال دیں گے۔
آل پاکستان ایجوکیشنل اکیڈمیز کے چیئرمین رانا انصر محمود نے دیگر عہدیداران کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے 3اگست کو اکیڈمیز کھولنے کا اعلان کردیا، کہتے ہیں ملک بھر کی اکیڈمیز گزشتہ پانچ ماہ سے بند ہیں، سیکرٹری ایجوکیشن کی جانب سے 15جولائی سے اکیڈمیز کو کھولنے کی یقین دہانی کروائی گئی مگر وعدہ وفا نہ ہوا۔ حکومت 3 اگست کو اکیڈمی کھولنے کی اجازت دے۔
پریس کانفرنس میں شریک دیگراساتذہ کا کہنا ہے اکیڈمیز اور اساتذہ کے مسائل پرعدم توجہی حکومتی نااہلی کا کھلا ثبوت ہے، حکومت نے ملک بھر میں تمام کاروبار اور محکمے ایس او پیز کے تحت کھول دئیے مگر تعلیمی اداروں بارے واضح پالیسی نہیں بنا سکی، حکومت ریلیف پیکج کے ساتھ عمارتوں کے کرائے معاف کرے۔
اس موقع پر اساتذہ کا کہنا تھا کہ حکومتی نااہلی کے باعث لاکھوں اساتذہ اورعملہ بےروزگار اور ساڑھے سات کروڑطلبہ تعلیم سے محروم ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا اساتذہ اپنے حق کے لیے سڑکوں پر نکلنے سے بھی دریغ نہیں کریں گے۔