رات گئے دو افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا

27 Jul, 2020 | 11:15 AM

Shazia Bashir

حسن خالد: سٹی ڈویژن میں رات گئے دو افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا، پولیس کی کارکردگی پر سوالیہ نشان، تھانہ اسلام پورہ  کےعلاقے میں پچاس سالہ بابر شاہ قتل، جبکہ مصری شاہ کے علاقے میں چالیس سالہ شاہد کو دشمنی کی بنا پرقتل کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق شہر میں جرائم کی شرح میں اضافہ ہوتا جارہا ہے، مصری شاہ  کے علاقہ نواب چوک میں چالیس سالہ شاہد کو پرانی دشمنی کی بنا پر مخالفین نے فائرنگ کر کےشدید زخمی کردیا، شاہد کو زخمی حالت میں میو ہسپتال لایا گیا جہاں وه دم توڑ گیا۔

دوسری جانب تھانہ اسلام پورہ کے علاقے سگیاں پل تاج  کمپنی کے قریب پچاس سالہ بابر شاہ کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا، پولیس کے مطابق بابر شاہ ویلڈنگ کا کام کرتا تھا، ملزمان نےبابر شاہ کے سراور کمر پرگولیاں ماریں۔ پولیس نے دونوں لاشیں پوسٹ مارٹم  کے لیے مردہ خانے  منتقل کر کے تحقیقات شروع کر دیں۔

واضح رہے کہ  لاہور کا اسٹریٹ کرائم کراچی کا ریکارڈ توڑنے کے قریب پہنچ گیا، رواں سال اب تک 20 افراد ڈکیتی مزاحمت پر قتل ہوئے جبکہ 35  زخمی کیے گئے لیکن آبادی کے تناسب سے کراچی کے اسٹریٹ کرائم سے موازنہ کیا جائے تو لاہور میں صورتحال ابتر ہونے لگی، وسائل کی بہتات اور پٹرولنگ کرائم فائٹر فورس کے باوجود بھی شہر میں ڈکیتی قتل کی شرح ایک جیسی ہوگئی، کراچی میں محدود وسائل کے باوجود 21 افراد ڈاکوؤں کے ہاتھوں قتل ہوئے لیکن لاہور میں قتلوں کی تعداد پنجاب کے امن و امان پر سوالیہ نشان بن گئی۔

مزیدخبریں