تبدیلی سرکار نے بڑا یوٹرن لے لیا

27 Jul, 2019 | 01:57 PM

Sughra Afzal

(علی رامے) تبدیلی سرکار سابق دورِ حکومت کی بنائی گئی کمپنی پر مہربان ہوگئی، صنعت و تجارت کیلئے بنائی گئی کمپنی کو گارمنٹس انڈسٹری بنانے کا ٹھیکہ دینے کی تیاریاں شروع کردیں، صنعت و تجارت نے وزیر اعلیٰ پنجاب کو سمری بھی ارسال کردی ۔

سابق دورِ حکومت میں اسپیشل اکنامک زون میں گارمنٹس کی انڈسٹری قائم کرنےکامنصوبہ بنایاگیاجسےقائداعظم ایپرل پارک کانام دیاگیا ،اس منصوبے کیلئےموجودہ حکومت نےسرکاری کمپنی کی بجائےپبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت مکمل کرنے کو ترجیح دی۔

محکمہ صنعت و تجارت نے اب اس انڈسٹری کو بنانے کیلئے پنجاب انڈسٹریل اسٹیٹ اینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی کو ٹھیکہ دینے کی سمری وزیر اعلیٰ پنجاب کوارسال کی ہے۔

سمری میں کہا گیا ہےکہ کمپنی کو 2 ارب روپے کا قرض دے کر قائداعظم ایپرل پارک منصوبہ مکمل کیا جاسکتا ہے اور محکمہ صنعت و تجارت کا قائداعظم ایپرل پارک کا ٹھیکہ انڈسٹریل اسٹیٹ کمپنی کو دینے کیلئے تیار ہے، قائداعظم ایپرل پارک انڈسٹری لاہور اور شیخو پورہ کے وسط میں بنائی جارہی ہے۔

 محکمہ صنعت وتجارت نے پی پی پی کی بجائے ریگولر موڈ میں منصوبے کی تکمیل کی حامی بھری ہے اور اب کابینہ کی منظوری کے بعد انڈسٹریل اسٹیٹ کمپنی کو 2 ارب روپے کاقرض بھی دیا جائے گا، اس منصوبے کی تکمیل کے بعد جہاں بڑے درجے کی گارمنٹس انڈسٹری قائم ہوگی وہیں 10 لاکھ افراد کو روزگار بھی ملے گا۔

مزیدخبریں