سٹی 42 : پنجاب کی وزیرِ اعلیٰ مریم نواز نے کہا ہے کہ ورلڈ بنک کے تعاون سے پنجاب کلین ایئر پروگرام شروع کر رہے ہیں۔
وزیرِ اعلیٰ مریم نواز سے ورلڈ بینک کے ریجنل نائب صدر مارٹن رائزر کی زیر قیادت اعلیٰ سطح وفد کی ملاقات ہوئی۔ ورلڈ بینک کے ریجنل نائب صدر مارٹن رائزرنے پنجاب کو ماحولیات میں بہتری کے لئے موثر اقدامات پرریجنل چیمپئن قراردے دیا۔ ملاقات میں غربت کے خاتمے، آئی ٹی اور انفراسٹرکچر میں مزید بہتری، ماحولیاتی مسائل کے حل اور سماجی ترقی کے لیے مشترکہ اقدامات پر اتفاق کیا گیا ۔ پنجاب میں جاری ورلڈ بینک کے منصوبوں کی رفتار کو تیز کرنے اور نئے منصوبوں کے آغاز پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔
ورلڈ بینک کے نائب صدر برائے جنوبی ایشیا نے وزیر اعلیٰ مریم نواز کے عوامی فلاحی پراجیکٹس کو سراہا، کہا کہ پنجاب کے پراجیکٹس ورلڈ بینک کی کنٹری پارٹنر شپ کے ساتھ مطابقت رکھتے ہیں۔
ورلڈ بینک کے وفد نے پاپولیشن ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کو ہیلتھ ڈیپارنمنٹ میں ضم کرنے کے اقدام کو قابل قدر قرار دیا۔ ورلڈ بینک کے ریجنل نائب صدر مارٹن رائزرنے کہا کہ
پاپولیشن ویلفیئر کے ہیلتھ ڈیپارنمنٹ میں ضم ہونے سے عوام کو بہتر سروسز کی فراہمی کی توقع ہے۔
وزیرِ اعلیٰ مریم نواز نے پنجاب کی ترقی و خوشحالی کے لیے ورلڈ بینک کے اشترک کار کو سراہا۔ مریم نواز نے کہا کہ تعلیم، صحت، سیاحت، ماحولیات کے پراجیکٹ میں ورلڈ بنک کی مزید معاونت کے خواہاں ہیں، پنجاب میں نوجوانوں کو عالمی آئی ٹی مارکیٹ سے منسلک کر کے لیے خصوصی ٹریننگ پروگرامز متعارف کرائے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ورلڈ بنک کے تعاون سے پنجاب کلین ایئر پروگرام شروع کر رہے ہیں، پنجاب کلین ایئر پروگرام کے تحت الیکٹرک بسیں، رکشہ اور بائیکس متعارف کرائیں گے ۔
مریم نواز نے کہا کہ ورلڈ بنک کے تعاون سے وہیکل انسپیکشن سٹیشنز کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے ، ماحولیاتی آلودگی کا خاتمہ بقا کا معاملہ ہے، ورلڈ بنک کی معاونت قابل قدر ہے، ترقی کا سفر تیزی سے آگے بڑھانے کیلئے ورلڈ بینک کے ساتھ اشتراک کارجاری رکھیں گے ۔
ورلڈ بنک نائب صدر مارٹن رائزر نے کہا کہ ورلڈ بینک پاکستان خصوصاً پنجاب کے ساتھ اپنی شراکت داری کو مزید مضبوط کرنا چاہتا ہے۔پنجاب میں تعلیم، آئی ٹی اور موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے میں قابلِ تقلید اقدامات کیے گئے ہیں۔