(ویب ڈیسک) آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے کیپٹو پاور پلانٹس کیلئے گیس ٹیرف میں اضافہ کردیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کیپٹو پاور پلانٹس کیلئے 3500 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو گیس کی قیمت مقرر کی گئی ہے۔
نئی قیمتوں کا اطلاق یکم فروری 2025ء سے ہوگا، اوگرا نے واضح کیا کہ کمرشل تندور اور گھریلو صارفین کیلئے گیس کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا گیا۔
سی این جی اسٹیشنز، فرٹیلائزرز، پاور اور سیمنٹ سیکٹر کیلئے گیس کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا گیا ،اس سے قبل وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے صنعتی شعبے کیلئے گیس کے نرخوں میں اضافے کی منظوری دی تھی۔
کمیٹی نے مالی سال 25-2024ء کے دوران گیس کے شعبے کیلئے مطلوبہ آمدنی حاصل کرنے کیلئے کیپٹو پاور پلانٹس کیلئے گیس ٹیرف میں اضافے کی منظوری دی۔
منظور شدہ نرخوں کے مطابق کیپٹو پاور پلانٹس کیلئے گیس ٹیرف 3 ہزار روپے سے بڑھا کر 3 ہزار 500 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو کردیا گیا ہے۔
تاہم کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ گھریلو صارفین پر اضافی مالی بوجھ سے بچنے کیلئے گیس کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی۔