سٹی42: آج قوم عمران خان کے آئی ایم ایف معاہدے کا خمیازہ بھگت رہی ہے ۔بانی پی ٹی آئی نے تبدیلی کے نام پر دھوکہ کیا ۔
مسلم لیگ نون کے رہنما احسن اقبال نے یہ باتیں شکرگڑھ کے گاؤں دھودوچک میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔
احسن اقبال نے کہا کہ ہم ووٹ کی طاقت سے نارووال تعلیم اور ترقی لائے ہیں ۔عمران خان نے نوجوانوں کو گمراہ کرکے گالم گلوچ سکھایا ہے ۔ سوشل میڈیا پر عمران نے گالیوں کی نئی ڈکشنری دی ہے۔ عمران خان نے نوجوانوں سے لیپ ٹاپ چھین کر مرغی انڈہ کا وعدہ کیا۔ جس لیڈر کی یہ سوچ ہو کہ مرغی انڈے سے نوجوانوں کو مستقبل دیگا اسکا دماغی معائنہ کروانا ضروری ہے ۔
احسن اقبال نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے نوجوانوں کے دماغ میں اتنا زہر بھرا کہ انہوں نے شہدا کی یادگاریں جلائیں۔ کرنل شیر کی بہادری کا اعتراف بھارتی فوج نے کیا ، مگر پی ٹی آئی والوں نے اس کی بے حرمتی کی۔ 9 مئی کو پی ٹی آئی والوں نے چھاؤنیوں پر حملہ کیا ۔
احسن اقبال نے کہا کہ پاک فوج نے ایران کو 24 گھنٹوں میں جواب دیا، اس فوج پر حملے کیے گئے ۔ کیا جناح ہاؤس، شہداء، فوج پر حملہ کرنے والے پاکستان کے خیر خواہ ہو سکتے ہیں۔ امریکہ میں پارلیمنٹ پر حملہ کرنے والوں کو 18 سال کی سزا سنائی ۔ اگر 9 مئی کے واقعات امریکہ میں ہوتے تو یہ سب 18 سال کی سزا سن چکے ہوتے۔ پاکستان میں تو سب لکڑ ہضم پتھر ہضم ہے اسلئے سزائیں نہیں ہوئیں ۔ اگر عدالتوں نے انہین ضمانت دی ہے تو عوام کا فرض ہے کہ وہ ایسے لوگوں کی ضمانتین ضبط کروا دیں جنہوں نے قائد اعظم کے گھر کو جلایا، جنہوں نےشہید وں کی توہین کی اور جنہوں نے ہماری ریاست پر حملے کئے۔
احسن اقبال نے کہا کہ پچھلے الیکشن میں مجھے گولی بھی ماری گئی تاہم نارووال کی عوام نے مجھے سرخرو کیا ۔ نارووال کی خدمت کرنے کے جرم پر مجھے 75 دن جیل کاٹنا پڑی۔ اللہ کی لاٹھی بے آواز ہے آج عمران خان اسی جیل میں ہے جس میں مجھے ڈالا گیا تھا ۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ پاکستان کی بانی ہے، مسلم لیگ ن نے ہمشہ ترقی اور خدمت کی سیاست کی ہے۔بلاول بھٹو بانی پی ٹی آئی کا چربہ بننے کی کوشش کر رہے ہیں۔ بدتمیزی کی سیاست فیل ہو گی۔