سٹی42: ایران میں دہشتگردی کی المناک واردات میں 9 پاکستانی مزدوروں کو قتل کردیا گیا۔ تین پاکستانی مزدور دہشتگردوں کی فائرنگ سے زخمی ہوئے۔
ایران کی خبررساں ایجنسی مہر کے مطابق پاکستانی سرحد سے ملحقہ ایران کے صوبے سیستان و بلوچستان کے شہر سراوان میں مسلح افراد نے 9 پاکستانی مزدوروں کو گولیاں مار کر قتل کر دیا۔
سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی ویڈیوز مین دیکھا جا سکتا ہے کہ سفاک دہشتگردوں نے تقریباً تمام مزدوروں کو سروں میں گولیاں مار کر قتل کیا۔گرافک ہونے کی وجہ سے وہ ویڈیوز یہاں پوسٹ نہین کی جا رہیں۔ اس حملہ کے وقت تمام مزدور اپنے رہائشی کمرے میں غالباً سو رہے تھے ۔
ایک مقامی بلوچ رائٹس گروپ نے بتایا ہے کہ اس واقعے میں مزید 3 افراد زخمی ہوئے۔ جاں بحق اور زخمی ہونے والے تمام افراد پاکستانی مزدور تھے جو مقامی ورکشاپ پر کام کرتے تھے اور انہوں نے ورکشاپ میں ہی رہائش اختیار کر رکھی تھی۔نیوزایجنسی کے مطابق کسی کی جانب سے واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ ایران میں قتل ہونے والے 2 مزدوروں کا تعلق لودھراں کےعلاقےگیلے وال سے ہے، لودھراں کا رہائشی زبیر اور اس کا بھانجا ابوبکر مزدوری کیلئے ایران گئے تھے۔
ایران میں پاکستانی سفیر مدثر ٹیپو نے بھی واقعے میں 9 پاکستانی مزدروں کے قتل کی تصدیق کی اور کہا کہ سراوان میں 9 پاکستانیوں کے ہولناک قتل پرگہراصدمہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی سفارت خانہ سوگوار خاندانوں کی مکمل مددکرےگا، زاہدان میں پاکستانی قونصل جنرل جائے حادثہ اوراسپتال کادورہ کرچکے ہیں۔
پاکستانی سفیر کا کہنا تھاکہ ایران سے پاکستانیوں کے قتل کے واقعے پر مکمل تعاون کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔