ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

وقفے وقفے سے بارش کا امکان ، محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کردی

 وقفے وقفے سے بارش کا امکان ، محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کردی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

اقصیٰ سجاد:  بارش کا سبب بننے والی مغربی ہوائیں آج رات سے ملک میں داخل ہوں گی۔ محکمہ موسمیات نے آج سے ملک کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ظاہر کیا ہے۔ بارشوں کی پیشگوئی کے بعد پنجاب اور خیبرپختونخوا کے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق طویل خشک موسم کے بعد مغربی ہوائیں آج ملک میں داخل ہوں گی جو آج 27 سے 31 جنوری تک ملک کے بالائی علاقوں میں موجود رہیں گی جس سے گلگت بلتستان اور کشمیر میں وقفے وقفے سے ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔ چترال، دیر، سوات، ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور، کوہاٹ اور بنوں میں بھی وقفے وقفے سے ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہونے کی توقع ہے، 28 اور 29 جنوری کو کوئٹہ، ژوب، زیارت، چمن، بارکھان اور مکران کے ساحلی علاقوں میں بارش اور برفباری متوقع ہے۔
مذکورہ بالا علاقوں کے علاوہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور خطہ پوٹھوہار میں ہلکی سے درمیانی بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری ہونے کا امکان ہے، 30 اور 31 جنوری کو گوجرانوالہ، سیالکوٹ، لاہور، سرگودھا میں ہلکی و درمیانی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا جبکہ مری، گلیات اور ناران میں برف باری سے ٹریفک کی روانی میں خلل کا خدشہ ہے، برفباری کے پیش نظر سیاحوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

دوسری جانب سورج کی کرنوں نے شہر لاہور کا رخ کرلیا۔ دُھند میں کمی دیکھی گئی جبکہ سرد ہوائیں چلنے کا سلسلہ برقرار ہے۔ محکمہ موسمیات  کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔
شہر کا موجودہ درجہ حرارت 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 90 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ شہر میں ہوائیں 8 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔
شہر میں فضائی آلودگی کی شرح میں کمی، ائیرکوالٹی انڈیکس 169ریکارڈ کیا گیا ہے۔  ڈی ایچ اے فیز8میں فضائی آلودگی کی مجموعی شرح 316 ریکارڈ، شاہراہ قائداعظم میں فضائی آلودگی کی مجموعی شرح274 ریکارڈ، خانہ سلیم فرہنگ میں آلودگی کی شرح 219ریکارڈ کی گئی ہے۔لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں نویں نمبر پر آگیا۔