(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے رہنما فرخ حبیب کے خلاف شیخوپورہ میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔
فرخ حبیب کے خلاف تھانہ فیروز والا میں وفاقی پولیس کے افسر عدیل شوکت کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا۔ فرخ حبیب کے خلاف مقدمے میں ڈکیتی اور ملزم کو چھڑانے کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔
ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہے کہ ملزم فواد چودھری کو سفری ریمانڈ پر اسلام آباد روانہ ہوتے ہوئے کالا شاہ کاکو ٹول پلازہ پر کچھ لوگوں نے انٹری پوائنٹس پر گاڑیاں لگا کر راستہ روک لیا, پی ٹی آئی کے سابق ایم این اے فرخ حبیب ان لوگوں کو لیڈ کر رہے تھے، فرخ حبیب کے ساتھ 8 سے 10 نامعلوم افراد بھی تھے۔
ایف آئی آر کے مطابق یہ لوگ گرفتار ملزم فواد چودھری کو چھڑوانے کی کوشش کرنے لگے، مزاحمت کے دوران ان لوگوں نے پولیس اہلکار کی یونیفارم پھاڑ دی، وائرلیس سیٹ چھین لیا۔
ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ گرفتار ملزم کوچھڑوانے اور کار سرکار میں مداخلت پر ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔
یاد رہے کہ پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب نے لاہور ٹول پلازہ پر فواد چودھری کو لے جانے والی گاڑی کو روکنے کی کوشش کی تھی جس پر فرخ حبیب اور پولیس اہلکاروں کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی۔
اس دوران فرخ حبیب پولیس اہلکاروں کو مسلسل بولتے رہے کہ فواد چودھری کو لاہور ہائی کورٹ بلا رہی ہے، ہم عدالتی احکامات کی خلاف ورزی نہیں کرنے دیں گے۔ لاہور ٹول پلازہ پر فرخ حبیب سکیورٹی اداروں کی گاڑیوں کے سامنے آ گئے اور کہا کہ گاڑی میرے اوپر سے جائے گی۔