فواد چوہدری سےمتعلق پرویز الٰہی کی آڈیو لیک پر اہلیہ حبا کا سخت ردعمل

27 Jan, 2023 | 09:24 AM

ویب ڈیسک:سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کے فواد چوہدری سے متعلق بیان پر پی ٹی آئی رہنما کی اہلیہ حبا کا بیان بھی سامنے آیا ہے۔

گزشتہ روز چوہدری پرویز الٰہی کی ایک مبینہ آڈیو لیک ہوئی تھی جس میں وہ فواد چوہدری سے متعلق نازیبا زیان استعمال کرتے ہوئے کہہ رہے تھے کہ اگر فواد چوہدری کو ایک ماہ پہلے گرفتار کر لیا جاتا تو اسمبلی نہ ٹوٹتی۔

بعد ازاں لاہور میں ایک تقریب سے خطاب میں بھی چوہدری پرویز الٰٗہی نے فواد چوہدری کا نام لیے بغیر کہا کہ عمران خان کے قریبی ساتھیوں نے ہی پارٹی کی جڑیں کاٹیں، ایک سیاستدان پکڑا گیا، اگر ایک ماہ پہلے اسے پکڑ لیتے تو اسمبلی بچ جاتی۔

پرویز الٰہی کے بیان پر پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر نے بھی سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ کیا سیاست ہے کہ کبھی ایک سے مل کر پنجاب حکومت بنالیں کبھی دوسرے کے ساتھ، اور کبھی کوئی اور سازش کر کے، ووٹ بینک کوئی ہے نہیں، چار بندے اِدھر سے لیے، چار اُدھر سے اور پارٹی بنالی۔

فواد چوہدری سے متعلق سابق وزیراعلیٰ پنجاب کے بیان پر فواد چوہدری کی اہلیہ حبا کا بیان سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ پرویز الٰہی کو بھی ان کی 5 سالہ وزارت اعلیٰ سے پہلے 2002 میں گرفتار کر لیا جاتا تو آج پنجاب کا حال وہ نہ ہوتا جو ہے۔

خیال رہے کہ بعد ازاں چوہدری پرویز الٰہی نے فواد چوہدری سے متعلق اپنے بیان پر معذرت بھی کر لی تھی، ان کا کہنا تھا ہمارے فواد چوہدری کے خاندان کے ساتھ اچھے روابط ہیں۔

مزیدخبریں