کوڑاجلانے والوں کیساتھ افسروں کی بھی شامت ،عدالت کا بڑاحکم

27 Jan, 2022 | 01:30 PM

Ibrar Ahmad

 ملک اشرف : لاہور ہائیکورٹ میں سموگ کے تدارک  سے متعلق کیس کی سماعت  , جسٹس شاہد کریم نے کوڑا جلانے کی پابندی پر عملدرآمد نہ کرانے والے افسران کی ایک ماہ کی تنخواہ کی کٹوتی کاعندیہ۔عدالت نے  مجسٹریٹ کو ہفتے میں5 روز تک ہر روز 2گھنٹے تجاوزات کیخلاف کیسز سنےکا حکم دےدیا۔

جسٹس شاہد کریم نے ہارون فاروق سمیت دیگر کی درخواست پر سماعت کی ,جوڈیشنل واٹر اینڈ انوائر  مینٹل کمیشن  کی جانب سے عدالتی احکامات پر عملدرآمد اور ماحولیاتی آلودگی کا باعث بننے والی انڈسٹریز ، اینٹوں کے بھٹوں اور گاڑیوں  کیخلاف کارروائیوں سے متعلق رپورٹ پیش کی جبکہ  ملک اویس خالد ایڈووکیٹ نے ایل ڈبلیو ایم سی سے متعلق رپورٹ پیش کی ،محکمہ ماحولیات کی جانب سے ڈپٹی ڈائریکٹر علی اعجاز پیش ہوئے،ممبر جوڈیشل اینڈ انوائرمینٹل کمیشن نے عدالت کو آگاہ کیا کہ پی ایچ اے نے بتایاکہ  درختوں سے گرنے والے پتوں کو کھاد بنانےوالے پلانٹ میں استعمال کرتے ہیں ۔رین بیلٹ میں جب لوگ کوڑا پھینکتے ہیں  تو ایل ڈبلیو ایم سی والے آگ لگادیتے ہیں۔

جسٹس شاہد کریم نےشہر میں کوڑا کرکٹ کو آگ لگانے  پر اظہار برہمی کرتے ہوئےریمارکس دیئے  کہ سارے لاہور میں کنٹینر ہونے چاہیں جن میں براہ راست کوڑا کرکٹ ڈالا جاسکے، آئندہ جو افسربھی آگ لگانے میں ملوث ہو اس کی ایک ماہ کی تنخواہ  کاٹی جانی  چاہئے ۔جسٹس شاہد کریم کا مزید کہنا تھا کہ جب وہ سنگا پور میں دورے پر گئے  تو معلوم ہوا کہ چینگم پھینکنے پر 50ڈالر جرمانے کی تنبیہ کی گئی۔ جسٹس شاہد کریم نے کہا کوڑا پھینکنے والوں کو جرمانے کریں گے توہی حالات ٹھیک ہوں گے۔

سرکاری وکیل نےکہا کہ  سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد بھی لی جاسکتی ہے ، جسٹس شاہد کریم نے کہا سب کچھ عدالت سے ہی کرواتے رہیں گے یا محکمہ بھی اپنا کام کریں گے ،ممبر جوڈیشل واٹر اینڈ انوائرمینٹل کمیشن نے کہا پٹواریوں اور لوکل عملے کی مدد لے سکتے ہیں ،جسٹس شاہد کریم نے کہا پٹواریوں سے نہیں ہوگا یہ سب ملے ہوئے ہیں پیسے کھاتے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر کو کہتے ہیں ،ڈی سی کو حکم دیں گے اور مثال قائم کریں گے ۔

عدالت نے موٹر وے کے قریب فصل کی باقیات کو آگ لگانے والے ایریا کے ذمہ دار ڈی سی کا تعین کرنے کی ہدایت کی۔ جسٹس شاہد کریم کا مزید کہنا تھا کہ ہم پانی والے معاملے سے دوسری جانب نکل گئے ہیں ۔ ہمیں پانی والے معاملے پر واپس آنا ہے۔ممبر جوڈیشل کمیشن نے کہا گرمی کی شدت کو کم کرنے  کیلئے  بڑی عمارتوں پر سبزے کا جائزہ لیا  ہے ، ایک ہزار پرسکیر فٹ کی لاگت آرہی ہے ، جسٹس شاہد کریم نےریمارکس دیئے کہ بڑی بڑی کمپنیز  کیلئے  کوئی مسئلہ کی بات نہیں ہے ۔ممبر جوڈیشل کمیشن نے کہا کہ متبادل رنگ اور سولر پینل سے بھی گرمی کی شدت کو کم کیا جاسکتا ہے ۔ وکیل ایل ڈی اے نے کہا کہ  عدالتی حکم پر تمام عمارتوں کی چھتوں پر کو سبزے لگانے کا حکم دے دیا ہے۔

جسٹس شاہد کریم نے وکیل ایل ڈی اے سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا ان سب کو متبادل رنگ بھی کرنے کا حکم دیں جس سے گرمی کی شدت کنٹرول ہوسکے ، بڑی عمارتوں کی چھتوں پر گرمی کی شدت کو کنٹرول کرنے سے سبزے اور متبادل رنگ سے متعلق ریگولیشن بنائی جائے،

وکیل کنٹونمنٹ بورڈ نے کہا کہ  کنٹورنمںٹ بورڈ کے تمام سڑکوں کو پیچ ورک مکمل کرلیا گیا ۔ عدالت نے کیس کی سماعت آئندہ جمرات تک ملتوی کرتے ہوئے آلودگی اور سموگ کے تدارک کے لئے اقدامات کرنے اور خلاف ورزی کے مرتکب افراد کیخلاف  کارروائیاں جاری رکھنی کی ہدایت کرتے ہوئے عملدرآمد رپورٹ طلب کرلی۔
 
 

مزیدخبریں