انتظار کی گھڑیاں ختم، پی ایس ایل کا نیا چیمپئن   کون ہوگا؟

27 Jan, 2022 | 10:36 AM

Ibrar Ahmad

ویب ڈیسک :  پی ایس ایل سیزن 7 کا آغاز آج سے کراچی کے نیشنل اسٹیڈٰیم میں شروع ہوگا جبکہ میچ سے قبل رنگا رنگ افتتاحی تقریب منعقد کی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ سیزن 7 کا آغاز آج سے کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں شروع ہوگا جس کا افتتاح میچ آج شام 7 بجے کراچی کنگز اور دفاعی چیمپئن ملتان سلطانز کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔  افتتاحی تقریب میں پاکستان کے نامور گوکار اپنی آواز کا جادو جگائیں گے جبکہ ایونٹ کے پہلے مرحلے کے میچز 7 فروری تک کراچی میں ہی کھیلے جائیں گے۔ بعد ازاں 2 دن کے وقفے کے بعد ایونٹ کا دوسرا مرحلے 10 فروری سے لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں شروع ہوگا جس کے میچز 27 فروری کو ہونے والے فائنل تک لاہور میں ہی کھیلے جائیں گے۔ آج سے کراچی میں شروع ہونے والے پی ایس ایل7 میچز کے سلسلے میں سیکیورٹی ڈویژن کی جانب سے جامع سیکیورٹی پلان مرتب کرلیا گیا ہے۔

پی یس ایل میچز کے لیے مجموعی طور پر 5 پزار 650 اہلکار سکیورٹی پرمامور  ہوں  گے جبکہ ایس ایس یو کے 1200 کمانڈوز سمیت سکیورٹی ڈویژن کے 1700، ٹریفک پولیس کے 1500، اسپیشل برانچ کے 500، ریپڈ رسپانس فورس کے 250 اہلکارتعینات ہوں گے۔ سندھ رینجرزکے جوان اوردیگرقانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکار نیشنل اسٹیڈیم، کراچی ایئرپورٹ، روٹس، پریکٹس گراؤنڈز، پارکنگ پوائنٹس، ہوٹلز اور دیگر مختلف جگہوں پر ڈیوٹی سر انجام دیں گے جبکہ ماہر نشانہ باز بھی اہم تنصیبات پر تعینات کیے جائیں گے۔

کمانڈ اینڈ کنٹرول بس اسٹیڈیم کے اطراف امن و امان کی نگرانی کے لیے نیشنل اسٹیڈیم پرتعینات کی جائے گی جبکہ ٹیموں کی نقل وحرکت کے دوران فضائی نگرانی بھی کی جائے گی۔ مزید برآں جدید تربیت یافتہ اور جدید اسلحہ سے لیس کمانڈوزبشمول لیڈی کمانڈوز پرمشتمل اسپیشل ویپن اینڈ ٹیکٹکس ٹیم (ایس ڈبلیو اے ٹی) کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ایس ایس یو ہیڈ کوارٹرز میں الرٹ رہے گی۔عوام کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے سرشاہ سلیمان روڈ کے ایک ٹریک کے علاوہ تمام سڑکیں اور شاہراہیں ٹریفک کے لیے کھلی رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ شائقین کو شٹل بس سروس کے ذریعے پارکنگ پوائنٹس سے اسٹیڈیم تک لایا جائے گا۔

نیشنل اسٹیڈیم آنے والے کرکٹ شائقین کے لیے دو پارکنگ پوائنٹس بنائے گئے ہیں جن میں پہلا حکیم سعید گراؤنڈ (یونیورسٹی روڈ) نزد بیت المکرم مسجد جبکہ دوسرا وی آئی پیز کے لیے چائنہ گراؤنڈ، متصل نیشنل کوچنگ سینٹر ہے۔

مزیدخبریں