سموگ کے تدارک پر عملدرآمد کی رپورٹ عدالت عالیہ میں جمع

27 Jan, 2022 | 09:19 AM

ملک اشرف :  جوڈیشل وائر اینڈ انوائرمنٹل کمیشن نے سموگ کے تدارک کیلئے کیے گئےاقدامات اور عدالتی احکامات پر عملدرآمد کی رپورٹ ہائیکورٹ میں جمع کرا دی۔

جوڈیشل واٹر اینڈ انوائرمینٹل کمیشن کی جانب سے عدالت میں رپورٹ جمع کروائی گئی ہے۔کرکٹ میچز کے دوران ٹریفک نظام کی بہتری کیلئےاقدامات، شوگر ملز،دیگرفیکٹریوں،گاڑیوں اور اینٹوں کے بھٹوں کیخلاف کی گئی کارروائی رپورٹ کا حصہ ہے۔ رپورٹ کے مطابق آلودگی کا باعث بننے والی فیکٹریوں، گاڑیوں اور بھٹوں کے خلاف کارروائی کی گئی،

محکمہ ماحولیات نے 312 انڈسٹری یونٹس اور 30 فیکٹریوں کو سیل، 37 کے خلاف مقدمات اور 83 لاکھ روپے سے زائد جرمانہ کیا،ہائیکورٹ کے احکامات پر عمل کرتے ہوئے انڈسٹریز،اینٹوں کے بھٹوں اور گاڑیوں کو ایک کروڑ36 لاکھ روپے سے زائد جرمانہ کیا،ہدایات پر عمل نہ کرنے پر 49 افراد کے خلاف مقدمات درج کروائے گئے۔

دھواں دینے والی 3872 گاڑیوں کو 47 لاکھ 62 ہزار 800روپے جرمانہ، 745 گاڑیوں کو بند کیا گیا۔ پرانی ٹیکنالوجی پر چلنے والے بھٹوں کے خلاف کارروائی کر کے 83 لاکھ روپے سے زائد جرمانہ کیا گیا۔ جبکہ انٹی سموگ سکواڈز نے 1785 انڈسٹریل یونٹس کی انسپکشن کی، 262 انڈسٹریل یونٹس سیل کئے، اور 37 کے خلاف فوجداری مقدمات درج کروائے۔

مزیدخبریں