کورونا وائرس مزید 74 زندگیا ں لے گیا،یہ کب تک رہے گا؟

27 Jan, 2021 | 01:03 PM

Azhar Thiraj
Read more!

سٹی 42: ملک بھر میں کورونا وائرس مزید 74 زندگیاں لے گیا، ویکسین بنانے والی کمپنی نے بھی خطرے کی گھنٹی بجادی ۔

پاکستان میں کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ ( covid.gov.pk) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 41285 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 1563 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ وائرس سے 48 افراد انتقال کر گئے۔سرکاری پورٹل کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا مثبت آنے کی شرح 3.78 فیصد رہی۔


سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 11450 ہو گئی ہے اور مجموعی کیسز 5 لاکھ 37477 تک جاپہنچے ہیں جب کہ فعال کیسز کی تعداد 33820 ہے۔اس کے علاوہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 2081 مریض کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے ہیں جس کے بعد مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 492207 ہوگئی ہے۔


سرکاری پورٹل کے مطابق سندھ میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 242793 ہوگئی ہے جب کہ 3925 افراد اب تک انتقال کرچکے ہیں۔ پنجاب میں کورونا کے کل مریضوں کی تعداد 155214ہے اور 4646 افراد وائرس میں مبتلا ہوکر جان سے جاچکے ہیں جب کہ بلوچستان میں مریضوں کی کل تعداد 18765 اور ہلاکتیں 193 ہوچکی ہیں۔خیبرپختونخوا میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 65953 اور 1857ہلاکتیں ہوچکی ہیں جب کہ آزاد کشمیر میں 8877 افراد وائرس میں مبتلا ہوچکے ہیں اور 258 افراد انتقال کرگئے۔

اس کے علاوہ گلگت بلتستان میں اب تک کورونا کے مریضوں کی تعداد 4903 اور 102 افراد انتقال کرچکے ہیں۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 40972 ہے اور اب تک 469 مریض انتقال کر چکے ہیں۔

دوسری جانب کورونا وائرس کی ویکسین بنانے والی امریکی بائیو ٹیک کمپنی موڈرناکے سربراہ کا کہنا ہےکہ کوویڈ-19 انسانوں کے ساتھ ہمیشہ رہےگا، ہمیں اس کے ساتھ جینا سیکھنا ہوگا۔ایک انٹرویو میں   موڈرنا کے چیف ایگزیکٹو  اسٹیفین بینسل نے خبردار کرتے ہوئےکہا کہ مستقبل قریب میں کورونا وبا کے دنیا سے مکمل خاتمے کے امکانات کم ہیں۔ ہمیں اس کے لیے ویسے ہی ویکسین درکار ہوگی جیسے فلو کے لیے ہوتی ہے، یہ دونوں ایک ہی طرح کے وائرس ہیٕں۔

مزیدخبریں