محکمہ سکول ایجوکیشن کاایک اور اہم فیصلہ،نوٹیفکیشن جاری

27 Jan, 2021 | 10:19 AM

M .SAJID .KHAN

(جنید ریاض)سکولوں کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے محکمہ سکول ایجوکیشن متحرک ہوگیا، صوبہ بھر کے سرکاری سکولوں میں ایم ایز کا دورہ کرنا لازمی قرار دیدیا۔ ایم ایز پولیومہم، خوشحالی سروے اور پرائز کنٹرول ڈیوٹی کی مصروفیت کے باوجود روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کرکے محکمہ کو رپورٹ کریں گے، نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ سکول ایجوکیشن کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ مانیٹرنگ ایلوایشن اسسٹنٹ کا روزانہ کی بنیاد پر سکولوں کا وزٹ کرنا لازمی ہوگا۔ایم ایز پولیو، خوشحالی سروے اور پرائز کنٹرول ڈیوٹی میں مصروف ہیں۔ نوٹیفکیشن کے مطابق غیر تدریسی ڈیوٹیوں کے باوجود ایم ایز نہ صرف سکولوں کادورہ کریں گے بلکہ دورہ کی رپورٹ بھی محکمہ کو کرنا ان کی ذمہ داری میں شامل ہوگا۔اس سلسلے میں سکول ایجوکیشن حکام کا کہنا ہے کہ احکامات پر عمل نہ کرنے کی صورت میں متعلقہ ایم ایز کےخلاف کارروائی کی جائے گی۔

علاوہ ازیں اساتذہ و طلباء میں کورونا کیسز کی تعداد بڑھنے کے معاملے پر محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب نے کیسز کی تعداد میں اضافہ ہونے کا نوٹس لے لیا۔ محکمہ سکول ایجوکیشن نےتمام اضلاع سےاساتذہ اورطلباءکی کورونارپورٹس طلب کرلی۔تمام ڈسٹرکٹس ایجوکیشن اتھارٹیز سے اعدادوشمار 30 جنوری تک جمع کروائیں گے۔ کورونا کیسز کی تعداد کو آئندہ صوبائی وزائے تعلیم کانفرنس میں زیر غور لایا جائے گا۔

قبل ازیں محکمہ صحت کی ٹیموں کےمختلف سکولوں میں کورونا ٹیسٹ کرنےسےلاہور میں 8 اساتذہ کے کورونا ٹیسٹ مثبت نکل آئے تھے۔گورنمنٹ گرلز سکول رائیونڈ 2 اور گورنمنٹ بوائز سکول ٹھوکر نیاز بیگ کے 3 اساتذہ میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ گورنمنٹ ہائی سکول اعوان ٹاون میں ایک اور ایل جی ایس جوہرٹاون میں 2 اساتذہ کے ٹیسٹ مثبت آئے۔

کورونامثبت آنیوالےاساتذہ میں شامین رمضان ، تسلیم اکرم،حذیفہ شاہد،اشرف ہدایت شامل ہیں۔شعیب اصغر،فضل احمد،ثقلین مصطفی اورماریہ حفیظ کی کورونا رپورٹ مثبت آئی ہے۔مذکورہ اساتذہ کو سکول سے چھٹی دیدی گئی ہے ۔محکمہ صحت نےمذکورہ اساتذہ کو قرنطینہ میں رہنے کی ہدایت کردی تھی۔

مزیدخبریں