(علی ساہی)کرونا وائرس کی روک تھام کےلیے صوبے کے انٹرنیشنل ائیرپورٹس پر آنے والے چینی شہریوں کیلئے سپیشل کاؤنٹرز بنانے کا حکم جاری، سی پیک پراجیکٹس پر کام کرنے والے چینی ماہرین کو حفاظتی ماسک اور بیماری کی صورت میں فوری ٹیسٹ کرانے کی بھی ہدایات کردی گئی۔
انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب شعیب دستگیر نے سی پیک پراجیکٹس پر کام کرنے والے چینی ماہرین، سرمایہ کاروں اور شہریوں سمیت سپیشل پروٹیکشن یونٹ کے افسران و اہلکاروں میں کرونا وائرس کی روک تھام کے حوالے سے خصوصی ہدایات کرتے ہوئے ڈی آئی جی سپیشل پروٹیکشن یونٹ عمر شیخ کو جاری ہدایات کی ہیں۔ آئی جی پنجاب نے کہا ہے کہ صوبے میں آنے والے تمام چینی شہریوں کو کرونا وائرس سے محفوظ رکھنے کیلئے ائیر پورٹس پر ایس پی یو فیسیلیٹیشن کاؤنٹرز کے ساتھ سپیشل کاؤنٹرز بھی بنائے جائیں جہاں سے حفاظتی اقدامات کا فوری آغاز کردیا جائے۔
لاہوراوراسلام آباد ایئرپورٹ پرآنیوالے چائینزکے سکریننگ ٹیسٹ کیلئے تمام تر انتظامات کر لئے گئے ہیں جہاں سے سکریننگ کے بعدایئرپورٹ سے چینی شہریوں کو روانہ کیا جائےگا۔ مزید برآں پراجیکٹ سائٹس پرخصوصی حفاظتی انتظامات کئے جارہے ہیں اور کام کرنیوالے4 ہزارسے زائد چائینز، 10ہزار سے زائد جوانوں کو ماسک مہیا کر دیئے گئے ہیں۔
ڈی آئی جی ایس پی یوعمر شیخ نے حفاظتی اقدامات کے حوالے سے ڈی جی ہیلتھ کومراسلہ بھجوایا ہے کہ چائینز کی سکریننگ کیلئے خصوصی اقدامات جاری رکھے جائیں اور کرونا وائرس کا مریض سامنے آنے کی صورت میں علاج کا فوری انتظام کیاجائے۔