( سٹی 42 ) جنوبی افریقی کھلاڑی سے معافی مانگنے پر معاملہ ختم ہوگیا تھا، سرفراز احمد پر آئی سی سی کی چار میچوں کیلئے پابندی بلاجواز ہے، قومی کپتان کیخلاف آئی سی سی کے فیصلے پر پی سی بی کا ردعمل، پاکستان کرکٹ بورڈ نے سرفراز احمد کو وطن واپس بلانے کا فیصلہ کر لیا۔
پی سی بی نے سرفراز احمد پر پابندی کے فیصلے کو مایوس کن قرار دے دیا، سرفراز احمد کی جنوبی افریقن ٹیم اور کھلاڑی سے معذرت کے بعد معاملہ ختم ہو جانا چاہیے تھا۔ پی سی بی کا کہنا ہے کہ سرفراز احمد پر پابندی کے معاملے کو آئی سی سی کے فورم پر اٹھائیں گے۔ سرفراز احمد کو جنوبی افریقہ سے وطن واپس بلالیا گیا جبکہ بقایا میچز میں شعیب ملک ٹیم کی قیادت کریں گے۔ پی سی بی کا کہنا ہے کہ سرفراز احمد سے مشاورت کے بعد ان کو وطن واپس بلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
واضح رہے آئی سی سی نے پاکستانی کپتان سرفراز احمد پر 2 ون ڈے اور 2 ٹی ٹوئنٹی میچز کی پابندی عائد کی، جس کے بعد وہ جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے سیریز کے بقایا میچز سمیت 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے ابتدائی 2 میچ نہیں کھیل سکیں گے،آئی سی سی کی جانب سے سرفراز احمد پر لگائی گئی پابندی کا باضابطہ طور پر اعلان بھی کیا جاچکا ہے۔
آئی سی سی نے سرفراز احمد کے خلاف نسل پرستانہ جملوں پر کارروائی کی اور اپنے بیان میں کہا کہ پاکستانی کپتان ’’آئی سی سی اینٹی ریس ازم کوڈ‘‘ کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے ہیں۔