(عمران یونس) نیا پاکستان ہاؤسنگ پراجیکٹ میں 3 مرلے کا گھر ساڑھے 16 سے ساڑھے 17 لاکھ اور 5 مرلے کا گھر 21 سے 23 لاکھ میں ملے گا۔
پنجاب ہاؤسنگ ٹاسک فورس نے گھروں کی قیمت کی منظوری دے دی۔ ٹاسک فورس کے مطابق گھر قرعہ اندازی کے ذریعے دیئے جائیں گے۔ درخواست گزار کو 20 فیصد ڈاؤن پیمنٹ بھی دینا ہوگی۔ قبضہ 18 ماہ میں دیا جائے گا۔ ضرورت مند اور اہل افراد کو قرضے کی بھی سہولت دی جائے گی۔
درخواست گزار کو بینک آف پنجاب، میزان بینک اور ہاؤس بلڈنگ فنانس کمپنی قرضہ دے گی۔ بینک سے قرضہ لینے کی صورت میں ادائیگی کا دورانیہ 20 سال ہوگا۔ درخواست گزار کے نام پر کوئی پلاٹ یا گھر نہ ہونے کی شرط بھی عائد کی گئی ہے۔
متعلقہ گھر کو پختہ سڑک، سیوریج، واٹر سپلائی، سکول، پارک، مسجد، کمرشل ایریا، کمیونٹی سنٹر، فائبر آپٹک انٹرنیٹ، سیکیورٹی سسٹم، بجلی، پانی کی سہولت میسر ہوگی۔ پہلے مرحلے میں اوکاڑہ، لودھراں اور چشتیاں میں گھر دیئے جائیں گے۔