(ملک اشرف) لاہور ہائیکورٹ نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کی نااہلی کیلئے دائر درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کردی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے جج جسٹس شاہد کریم نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ کے استعفیٰ کے اعلان سے منحرف ہونے کے معاملہ پر ہائیکورٹ میں شیخ رشید کی نااہلی کیلئے درخواست قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے کے متعلق محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے درخواست کو ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کردیا۔
لاہور ہائیکورٹ میں شیخ رشید کی نااہلی کیلئے شہری مرزا محمد صادق کی جانب سے درخواست دائر کی گئی۔ درخواست میں وفاقی حکومت، الیکشن کمیشن، سپیکر قومی اسمبلی اور شیخ رشید کو فریق بنایا گیا ہے۔ گزشتہ روز درخواست گزار نے عدالت کے روبرو پیش ہو کر موقف اختیار کیا تھا کہ شیخ رشید نے مال روڈ پر اپوزیشن کے جلسے میں مستعفی ہونے کا اعلان کیا لیکن اب استعفیٰ دینے سے انکار کر دیا۔ رکن قومی اسمبلی شیخ رشید نے استعفیٰ دینے کے بارے میں عوام سے جھوٹ بولا۔
درخواستگزار نے کہا کہ غلط بیانی پر شیخ رشید صادق اور امین نہیں رہے۔ وہ آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 پر پورا نہیں اترتے۔ شیخ رشید کو قومی اسمبلی کی رکنیت سے نااہل قرار دیا جائے۔