بدقسمتی سے غیر ملکی میڈیا پاکستان کے خلاف منفی پراپیگنڈہ کرتا ہے،فرنچ قونصلر

27 Feb, 2024 | 06:23 PM

سٹی42: فرانس  کے  قونصلر  اینڈرے  دی  بوسے  نے  پنجاب  انڈسٹریل  اسٹیٹ  ڈویلپمنٹ  اینڈ  مینجمنٹ  کمپنی  کا  دورہ  کیا جہاں پر پنجاب میں کاروباری مواقعوں اور صنعتکاروں کو دی جانے والی سہولیات پر گفتگو کی گئی۔

چیئرمین پیڈمک جاوید اقبال نے اینڈرے دی بوسے کی پیڈمک آمد پر ان کا استقبال کیا۔سی ای او پیڈمک علی معظم سید نے پیڈمک کے انڈسٹریل زونز میں فراہم کی جانے والی سہولیات اور ون ونڈو سروسز کے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ چیئرمین پیڈمک جاوید اقبال نے فرانس کی کمپنیوں کو پیڈمک کے زیر انتظام صنعتی زونز میں سرمایہ کاری کے لئے دعوت دیتے ہوئے بہترین سہولیات فراہم کرنے کا عندیہ دیا۔ جاوید اقبال نے کہا کہ پاکستان اور بالخصوص پنجاب میں ایکسپورٹ بیسڈ کاروبار کرنے کے بہترین مواقع موجود ہیں جس سے پاکستان میں زرمبادلہ لایا جا سکتا ہے۔ پیڈمک کے پلیٹ فارم سے ملکی و غیر ملکی صنعتکاروں اور سرمایہ کاروں کو بہترین سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں جس سے نہ صرف کاروباری افراد کا اعتماد بڑھ رہا ہے بلکہ دنیا بھر میں کاروبار کے حوالے سے پاکستان کا مثبت امیج بھی قائم ہو رہا ہے۔

دوسری جانب فرنچ قونصلر اینڈرے دی بوسے نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے غیر ملکی میڈیا پاکستان کے خلاف منفی پراپیگنڈہ کرتا ہے، اس تاثر کو زائل کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ کاروبار میں ٹیکنالوجی کے استعمال سے جدت لا کر سرمایہ کاروں کو بہتر طور پر راغب کیا جا سکتا ہے۔ فرانس اور پاکستان کے مابین کاروباری افراد اور سٹوڈنٹس  کے ایکسینج پروگرامز منعقد کئے جانے چاہیئں جس سے دو طرفہ تعلقات میں مزید بہتری آئے گی۔

اس موقع پر  پیڈمک بورڈ ڈائریکٹرز ساجد سلیم منہاس ، ڈاکٹر شاہد رضا اور لاہور ٹاون شپ انڈسٹریل ایسوسی ایشن کے نمائندگان بھی موجود تھے۔

مزیدخبریں