مراد علی شاہ کی نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے ملاقات

27 Feb, 2023 | 05:02 PM

Abdullah Nadeem

سٹی 42:  وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے وزیراعلیٰ آفس میں ملاقات کی ہے۔ جس میں باہمی دلچسپی کے امور، عمومی صورتحال اور صوبوں کے درمیان تعلقات بڑھانے پر بات چیت کی گئی۔ 

تفصیلات کے مطابق وزرائے اعلیٰ نے بین الصوبائی ہم آہنگی کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔ ملاقات میں پنجاب اور سندھ کے کچے کے علاقے میں مشترکہ آپریشن سے متعلق بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ کچے کے علاقے میں جرائم پیشہ عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ کچے کے علاقے میں آپریشن کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ 

نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ پاکستان چار اکائیوں، گلگت  بلتستان اور آزاد کشمیر پر مشتمل ہے۔ پاکستان ہم سب کا ہے، سب نے مل کر ملک کی ترقی وخوشحالی کیلئے کام کرنا ہے۔ اتحاد اور اتفاق کی ضرورت آج پہلے سے بہت زیادہ ہے۔ اتحاد، اتفاق اور یگانگت سے پاکستان آگے بڑھے گا۔

اس حوالے سے وزیراعلیٰ سندھ نے اپنے بیان میں کہا کہ بین الصوبائی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے سب کو باہمی اختلافات بھلا کر ایک ہونا ہو گا۔وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے وزیراعلیٰ محسن نقوی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
 

مزیدخبریں