ویب ڈیسک:ایڈیشنل سیشن جج اسلام آباد نے توشہ خانہ کیس کی سماعت ضلع کچہری سے جوڈیشل کمپلیکس منتقل کرنے کے لیے عمران خان کی درخواست مسترد کردی۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے توشہ خانہ کیس کی سماعت ضلع کچہری سے جوڈیشل کمپلیکس منتقل کرنے اور اقدام قتل کیس میں ضمانت میں ایک روز کی توسیع سے متعلق درخواستوں پر سماعت ہوئی۔
عمران خان کے وکیل بابر اعوان کی جانب سے کہا گیا کہ سائل ( عمران خان)کی 27 اور 28 فروری کو عدالت میں پیشی کی تاریخ مقرر ہے۔ وہ 28 فروری کو عدالت میں پیش ہوں گے۔
بابر اعوان کا موقف تھا کہ ان کے موکل کو شدید سیکیورٹی خطرات ہیں، ضلع کچہری میں دہشت گردی کے 2 واقعات ہوچکے ہیں، جن میں جج، خواتین،عملہ اور سائلین شہید ہوئے، اس لئے سماعت کا مقام تبدیل کیا جائے۔ توشہ خانہ کیس کی سماعت 28 فروری کوضلع کچہری کے بجائے جوڈیشل کمپلیکس میں سماعت رکھی جائے۔
عدالت نے بابر اعوان کی یقین دہانی پر عمران خان کی ضمانت میں کل تک توسیع جب کہ توشہ خانہ کیس جوڈیشل کمپلیکس منتقل کرنے کی درخواست مسترد کردی۔فاضل جج نے قرار دیا کہ ہمارے پاس اختیار نہیں کہ ہم ایک کورٹ سے اٹھ کر خود دوسری میں بیٹھ جائیں۔دوسری جانب عدال نے عمران خان کی ضمانت خارج کرنے اور پمز سے طبی معائنے کی استدعا بھی مسترد کردی۔