ویب ڈیسک: معروف بھارتی پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کے قتل میں ملوث دو ملزمان جیل کے اندر ہلاک ہوگئے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سدھو موسے والا قتل کیس میں گرفتار دو ملزمان پنجاب کی گونڈیوال سینٹرل جیل میں قید تھے جہاں قیدیوں کے درمیان لڑائی ہوگئی جو اس قدر بڑھ گئی کہ اس میں دو قیدی مارے گئے۔
اس کے علاوہ اس خونی تصادم میں تین افراد شدید زخمی بھی ہوئے جن میں سے ایک کی حالت اب تک تشویشناک ہے۔ ایس ایس پی گرمیت سنگھ چوہان کے مطابق لڑائی میں دو افراد مارے گئے جن میں سے ایک مندیپ طوفان ہے۔ ایس ایس پی گرمیت سنگھ چوہان نے بتایا کہ دونوں مارے گئے ملزمان سدھو موسے والا کے قتل میں ملوث ہونے کے علاوہ اور بھی جرائم میں ملوث تھے۔
رپورٹس کے مطابق اس جھگڑے میں تیز دھار آلوں کا استعمال کیا گیا جنہیں جیل کے اندر ہی بنایا گیا تھا۔دوسری جانب بھارتی پنجاب کے لارنس بشنوئی گینگ سے تعلق رکھنے والے گولڈی برار نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں جیل کے اندر گینگ وار کی ذمہ داری قبول کرلی۔
واضح رہے کہ سدھو موسے والا کو 29 مئی 2022 کو ضلع مانسا کے گاؤں جواہر میں نامعلوم حملہ آوروں نے فائرنگ کرکے قتل کر دیا تھا۔اس واقعے میں سدھو کی گاڑی پر 30 گولیاں برسائی گئی تھیں جس کے نتیجے میں گلوکار موقع پر ہی ہلاک ہو گئے تھے جب کہ ان کی گاڑی میں موجود دو افراد شدید زخمی ہوئے تھے۔