چوہنگ ،تہرے قتل کی لرزہ خیز واردات کا ڈراپ سین،قاتل کون نکلا؟،تہلکہ خیز انکشافات  

27 Feb, 2022 | 11:16 PM

Imran Fayyaz

(ویب ڈیسک) چوہنگ کے علاقہ اتحاد ٹاﺅن میں تہرے قتل کی لرزہ خیز واردا ت کا ڈراپ سین ہو گیا،پولیس نے چند گھنٹوں میں ہی ملزم کو گرفتار کر لیا ۔

بتایا گیا ہے کہ ایڈووکیٹ امانت علی چوہنگ کے علاقے اتحا د ٹاﺅن میں اپنی بیوی شبانہ اور بیٹی ازل کے ہمراہ رہائش پذیر تھا کہ گزشتہ روز نا معلوم افراد نے تینوں کو قتل کر دیا اورفرار ہو گئے تھے ۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اور فرانزک ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں جنہوں نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرنے کے بعد لاشوں کو مردہ خانے منتقل کر دیا ۔

بتایا گیا ہے کہ مقتول امانت علی پیشے کے اعتبار سے وکیل تھے۔سی سی پی او فیاض احمد دیو نے تہرے قتل کی واردات پر نوٹس لیتے ہوئے نے ایس پی صدر سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے ملزموں کوفوری گرفتار کرنے کا حکم دیتے ہوئے قتل کے تمام محرکات اور پہلوﺅں کا تفصیلی جائزہ لینے کی ہدایت کی تھی۔پولیس نے تحقیقات کا آغاز کرتے ہوئے کڑیاں ملائیں تو میاں بیوی اور بیٹی کے قتل میں ملوث سفاک ملزم مقتول کا بھائی نکلاجسے گرفتار کر لیا گیا ۔

 پولیس کے مطابق ملزم امین دو نامعلوم افراد کے ساتھ صبح 8 بجے مقتول امانت کے گھرمٹھائی دینے کے بہانے آیا تھا۔ملزم نے ساتھیوں کے ساتھ مل کر اپنے بھائی اور بھابی کے ہاتھ باندھے اور انہیں بیدردی سے قتل کیا جبکہ کمسن بھتیجی کا گلہ دبایا ۔قتل کی لرزہ خیز واردات کے بعد ملزم فرار ہو گئے ۔

پولیس کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق مقتول امانت کا بھائی امین سے جائیداد کاتنازعہ تھا۔ایس پی صدر نے بتایا کہ ملزم امین نے 2014 میں والد کو بھی قتل کیا تھا اورچند روز قبل ہی والد کے قتل کے الزام میں جیل سے قید کاٹ کرآیا تھا۔

مزیدخبریں