پیپلزپارٹی کا عوامی لانگ مارچ شروع،بلاول بھٹوکے گو سلیکٹڈ گو کے نعرے

27 Feb, 2022 | 09:06 PM

Imran Fayyaz

(ویب ڈیسک)کراچی میں پیپلز پارٹی کا عوامی مارچ مزار قائد سے روانہ ہو گیا، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے عوامی لانگ مارچ کے آغاز میں ہی گو سلیکٹڈ گو کا نعرہ لگا دیا۔

اتوارسے شروع ہونے والے عوامی لانگ مارچ کی قیادت کرنے کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کراچی میں مزارِ قائد پہنچے، جہاں انہوں نے شرکا سے خطاب بھی کیا۔اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ہمارا عوامی مارچ حکومت کےخلاف اعلان جنگ ہے، ہمارا یہ سفر قائد اعظم کے شہر کراچی سے شروع ہو رہا ہے، اسلام آباد پہنچ کرحکومت پرحملہ کریں گے۔انہوں نے کہاکہ کٹھ پتلی حکومت کے 3 سال مکمل ہونے پر کراچی کے عوام احتجاج پر مجبور ہو گئے ہیں، کراچی کے عوام نالائق اور نااہل حکومت سے چھٹکارا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی منی پاکستان ہے، ہر صوبے اور ہر زبان والے یہاں بستے ہیں، کٹھ پتلی حکومت کے 3 سا ل ہونے پر کراچی کے عوام احتجاج پر مجبور ہو گئے ہیں، نااہل اور ناجائز وزیر اعظم نے کراچی، سندھ، بلوچستان اور خیبر پختون خوا کے حق پر ڈاکہ مارا ہے، یہ ہر صوبے کے حقوق پر ڈاکہ مار رہے ہیں۔

 بلاول بھٹو نے کہاکہ قائد عوام اور شہید بینظیر کے نامکمل مشن کو مکمل کرنے کیلئے نکلے ہیں، ہرپاکستانی کے حقوق کا تحفظ کریں گے۔ عمران خان نے معیشت کا بیڑہ غرق کر دیا، کرپشن ختم کرنے کا وعدہ کیا مگر ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کے مطابق عمران خان حکومت کرپشن کے تمام ریکارڈ توڑ چکی۔ یہ پاکستان کی کرپٹ ترین حکومت ہے۔ موجودہ حکومت اٹھارویں ترمیم کوختم کررہی ہے، این ایف سی ایوارڈ نہیں دے رہی۔انہوں نے کہا کہ مراد علی شاہ اور حکومتِ سندھ کے ہاتھ پاﺅں بندھے ہیں، لیکن سندھ حکومت کم وسائل کے باوجود کراچی کے عوام کی خدمت کر رہی ہے، ہم عمران خان کو بھگائیں گے، عوامی حکومت آئے گی، جب تک کٹھ پتلی، سلیکٹڈ ہے سندھ ترقی کر سکتا ہے نہ پاکستان۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ حکومت کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد لانے کا وقت آ گیا ہے، ہمارا مارچ شروع ہوتے ہی بنی گالا سے چیخیں آئیں گی، ہمارا عوامی مارچ حکومت کے خلاف اعلانِ جنگ ہے۔ 

 بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں لانگ مارچ کے شرکا شاہراہِ قائدین سے شارعِ فیصل پر کار ساز پہنچے تواس موقع پر ایئر پورٹ جانے والا روڈ ٹریفک کی آمدروفت کے لیے بند کر دیا گیا۔راستے میں خدا داد کالونی اور طارق روڈ چورنگی کے استقبالیہ کیمپوں پر پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے بلاول بھٹو کی قیادت میں گزرنے والے مارچ کے شرکا کا استقبال کیا۔لانگ مارچ میں شرکت سے قبل شہید بے نظیر بھٹو کی صاحبزادی آصفہ بھٹو زرداری نے اپنے بھائی چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے بازو پر امام ضامن باندھا۔قبل ازیں بلاول بھٹو زرداری کے مزارِ قائد پہنچنے پر ان کا فقید المثال استقبال کیا گیا، سندھ کے صوبائی وزیر سعید غنی نے پرجوش نعرے لگائے۔اس موقع پر لانگ مارچ میں شریک چھوٹی و بڑی سینکڑوں گاڑیوں، کاروں، منی وین، ہائی ایس کوچز، منی بسز اور کنٹینرز میں سوار ہزاروں افراد گاڑیوں سے باہر نکل آئے۔

مزیدخبریں