50 ہزار سے کم آمدنی والے خاندانوں کیلئے بڑی خوشخبری

27 Feb, 2022 | 01:45 PM

(مانیٹرنگ ڈیسک) غریبوں کیلئے اچھی خبر، حکومت کی جانب سے شروع کیے گئے احساس راشن رعایت پروگرام  کی رجسٹریشن کے لئے 8171 ایس ایم ایس سروس دوبارہ کھول دی گئی۔ 

معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر کا کہنا تھا کہ  احساس رعایت راشن پروگرام کی رجسٹریشن سروس بحال کردی گئی ہے جن گھرانوں کی ماہانہ آمدنی 50 ہزار سے کم ہے وہ اپنی رجسٹریشن کرواسکتے ہیں،خاندان کا کوئی 1 فرد اپنا شناختی کارڈ نمبر اس موبائل سم سے8171 پر بھیجے جو اس کے نام پر رجسٹرڈ ہے۔

انہوں نے کہا کہ پروگرام سے 2 کروڑ غریب گھرانے مستفید ہوں گے، نیشنل بینک کے ساتھ احساس راشن رعایت پر عملدرآمد کی تیاریاں مکمل ہیں، اجراء جلد ہوگا، احساس رجسٹریشن کے پہلے مرحلے میں کل 1 کروڑ 95 لاکھ درخواستیں موصول ہوئیں، مجموعی طور پر 93 لاکھ گھرانوں نے درخواستیں جمع کروائیں۔

ڈاکٹر ثانیہ کا کہنا تھا کہ پروگرام کے تحت خاندانوں کی اہلیت کی جانچ پڑتال بھی جاری ہے، اہل خاندانوں کو اہلیت کے پیغامات مرحلہ وار بھجوائے جا رہے ہیں، کریانہ دکانداروں کی احساس راشن رجسٹریشن بھی بذریعہ پورٹل جاری ہے۔

واضح رہے کہ رواں سال کے پہلے ماہ 26 جنوری کو احساس رعایت پروگرام کی رجسٹریشن بند کردی گئی تھی۔

مزیدخبریں