پاکستان، ترکی،ایران کے درمیان ٹرین منصوبہ آئندہ ماہ بحال کرنے کا فیصلہ

27 Feb, 2021 | 11:39 AM

Sughra Afzal

ایمپریس روڈ (سعید احمد سعید) پاکستان کو بذریعہ ٹرین ایران اور ترکی سے ملانے کا منصوبہ، تین ملکی کنٹینر ٹرین کو 4 مارچ سے بحال کرنے کا اعلان، لاہور ریلوے ہیڈ کوارٹر نے تیاریاں مکمل کرنے کی ہدایات جاری کردیں۔

 حکومت کی جانب سے محکمہ ریلویز کا بزنس بڑھانے کے لیے اصلاحات کا عمل جاری، حکومت نے پاکستان، ترکی اور ایران کے درمیان ٹرین منصوبہ آئندہ ماہ سے بحال کرنے کا فیصلہ کرلیا، بین الاقوامی کنٹینر ٹرین کا 4 مارچ سے آغاز کیا جائے گا، ٹرین اسلام آباد سے روانہ ہو کر بذریعہ لاہور تہران اور استنبول کا سفر طے کرے گی اور ٹرین اسلام آباد سے استنبول تک کا سفر 276 گھنٹوں میں طے کرے گی۔

  ٹرین تینوں ممالک میں کل 6 ہزار 566 کلو میٹر کی مسافت طے کیا کرے گی، کنٹینر ٹرین اسلام آباد سے ایک ہزار 990 کلو میٹر کا فاصلہ طے کرکے ایران پہنچے گی، جہاں سے بذریعہ تہران ترکی روانہ ہو گی۔

 ریلوے ہیڈکوارٹرز نے ٹرین کے آغاز سے قبل تمام تر تیاریاں مکمل کرنے کی ہدایات جاری کردیں، اس حوالے سے ریلوے کے سینئر افسر طاہر حسن بخاری کو فوکل پرسن تعینات کردیا گیا جبکہ ریلوے ہیڈکوارٹر نے کنٹینر ٹرین کے لیے کرایہ نامہ جاری کردیا،کنٹینرز کا کرایہ فی کلو میٹر کے حساب سے یورو میں وصول کیا جائے گا، ٹرین منصوبے کی کامیابی کے لیے پرنٹ اور الیکٹرونک میڈیا پر مہم چلانے کی ہدایات بھی جاری کردی گئی ہیں۔

 ذرائع کے مطابق ماضی میں 14 اگست 2009 کو پہلی بار ٹرین کا آغاز کیا گیا تھا، افتتاح کے بعد کل 8 ٹرینیں چلائی گئیں جنہیں سکیورٹی کے باعث بند کردیا گیا تھا۔

مزیدخبریں