ڈسکہ الیکشن، وزیراعظم نے لائحہ عمل کی منظوری دیدی

27 Feb, 2021 | 09:27 AM

Sughra Afzal

مال روڈ (قذافی بٹ) وزیراعظم عمران خان کا دورہ لاہور، ڈسکہ الیکشن بارے قانونی لائحہ عمل کی منظوری دیدی، بلدیاتی نظام پر بھی پنجاب حکومت کو نظرثانی کی ہدایت کردی۔ 

 وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی، وزیراعلیٰ نے دوران ملاقات صوبے کے انتظامی اور سیاسی امور پر وزیراعظم کو بریفنگ دی، وزیراعظم نے وزیراعلیٰ پنجاب کو زیادہ سے زیادہ عوامی ریلیف کے اقدامات پر فوکس کرنے کی ہدایت کی۔

وزیراعظم عمران خان سے ڈسکہ سے پی ٹی آئی کے امیدوار علی اسجد ملہی، وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، علی ظفر ایڈووکیٹ نے بھی ملاقات کی اور ڈسکہ الیکشن پر بریفنگ دی، وزیراعظم عمران خان کو پنجاب میں پٹواری کلچر کے خاتمے اور فرد جاری کرنے کے عمل کو آسان بنانے بارے اقدامات سے آگاہ کیا گیا، وزیراعظم کو کم آمدن والے افراد کے لئے ہاؤسنگ منصوبے پر بھی بریفنگ دی گئی۔

وزیر اعظم نے ڈسکہ الیکشن پر الیکشن کمیشن کے فیصلے کو عدالت میں چیلنج کرنے کی منظوری دیدی۔ اسجد ملہی کا کہنا  ہے کہ پیر کے روز الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی جائے گی۔

واضح رہےکہ 25 فروری کو الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 75 ڈسکہ کا ضمنی انتخاب کالعدم قرار دیتے ہوئے پورے حلقے میں دوبارہ  18 مارچ کو ضمنی انتخابات کرانے کا حکم دیا۔

مزیدخبریں