کرونا وائرس کے پھیلاؤ کا خطرہ، ائیرپورٹ پر ڈاکٹرز تعینات

27 Feb, 2020 | 11:14 AM

Sughra Afzal
Read more!

ائیر پورٹ(زاہد چودھری، سعید احمد سعید) پاکستان میں کرونا وائرس کے 2 کیسز سامنے آگئے، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے بھی دونوں کیسز کی تصدیق کی ہے، پہلا کیس کراچی میں اور دوسراکیس اسلام آباد میں رپورٹ ہوا۔

  کرونا وائرس کے خدشے کے پیش نظرملک بھر میں ہوائی اڈوں کوہائی الرٹ کردیا گیا، وزیرہوابازی کے مطابق وزارت صحت کی مشاورت سے تمام ایئرپورٹس منیجرز  کو مسافروں کی 100فیصد سکریننگ یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

لاہور سمیت ملک بھر کے ایئرپورٹس پر کروناوائرس کی روک تھام کیلئے اقدامات مزید سخت کرتے ہوئے بیرون ملک سے آنےوالے تمام مسافروں سے ہیلتھ ڈکلیئریشن فارم بھروانا لازمی قرار دیدیا گیا ہے،  ہیلتھ ڈکلیئریشن فارم کو پر کروانے کے حوالے سے ملکی وغیر ملکی ائیر لائینز انتظامیہ کو سخت ہدایات بھی جاری کر دی گئیں۔

لاہور میں کروناوائرس کے خطرے کے پیش نظر  محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ نے تین ٹیچنگ ہسپتالوں کے ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکس کو علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر تعینات کر دیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق میو، گنگا رام اور جنرل ہسپتال کے دو دو ڈاکٹرز اور تین تین پیرامیڈیکس کو ائیر پورٹ پر تعینات کیا گیا، جہاں وہ تین تین شفٹوں میں ڈیوٹی سرانجام دینگے۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کرونا وائرس سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر،اقدامات کاجائزہ لینے کیلئے آج اعلیٰ سطح کا اجلاس طلب کرلیا، جس میں صوبائی وزراء ڈاکٹر یاسمین راشد، محمد اختر، مشیر صحت حنیف پتافی اور ایم پی اے مسرت جمشید چیمہ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ  شرکت کریں گے۔

اِدھر سعودی عرب نے وائرس کے پھیلاﺅ کے خدشے کے پیش نظر عمرہ زائرین اور سیاحتی ویزہ پر آنے والوں کا داخلہ عارضی طور پر بند کردیا ہے۔سعودی عرب جانے والی پروازوں کو روک دیا گیا جبکہ 90 عمرہ زائرین کو واپس بھیج دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ پھیپھڑوں کے شدید عارضے میں مبتلا کرنے والا وائرس جو چین سے شروع ہوا  اب  پوری دنیا میں  پھیل رہا ہے، چین میں اب تک کرونا وائرس سے 78 ہزار سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں جبکہ 2700 ہلاک ہوئے ہیں، کرونا وائرس بخار سے شروع ہوتا ہے جس کے بعد خشک کھانسی آتی ہے، یہ  وائرس سانس کے ذریعے ایک سے دوسرے انسان میں منتقل ہونے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

 

مزیدخبریں