فلم انڈسٹری کی بہتری کیلئے مشترکہ جدوجہد کرنی ہوگی: سنگیتا

27 Feb, 2020 | 09:28 AM

Sughra Afzal

ملتان روڈ (زین مدنی) لالی وڈ انڈسٹری کی نامور اداکارہ ہدایتکارہ سنگیتا نے کہا ہے کہ فلم انڈسٹری کی بہتری کیلئے ہمیں مل کر مشترکہ جدوجہد کرنا ہوگی، جن لوگوں نے فلم انڈسٹری سے کروڑوں روپے کمائے و ہ آج انڈسٹری کولاوارث چھوڑکر غائب ہوچکے ہیں اب ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اپنی انڈسٹری کودوبارہ اپنے پاﺅں پر کھڑا کرنے کیلئے خالی باتوں کی بجائے عملی اقدامات کریں۔

میڈیا سے بات چیت میں سنگیتا نے کہا کہ لاہور کی فلم انڈسٹری اردو اور پنجابی فلموں کی پہچا ن رہی ہے مگر اب بدقسمتی سے عاقبت ناادیش لوگوں نے اس کو بربادی کے دہانے پر کھڑا کر دیا ہے مگر میں سمجھتی ہوں کہ جتنا نقصان ہوچکا ہے اس سے مزید بچنے کیلئے ہم سب کو مل کر ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا ہونا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ہماری مشترکہ جدوجہد سے ہی فلم انڈسٹری دوبارہ فروغ پائے گی، اس وقت پنجابی فلمیں بننے سے انڈسٹری پھرسے اپنے پاﺅں پر کھڑا ہونے کی کوشش کررہی ہے، سب کو مشترکہ پلیٹ فارم تشکیل دیکر پنجابی فلموں کا تسلسل شروع کرنا ہو گا،کم از کم سالانہ دس سے بارہ فلموں کی نمائش سے پنجابی فلموں کا دور واپس آسکتا ہے۔

سنگیتا نے کہا کہ آج بھی ہماری انڈسٹری میں ایسے ڈائریکٹر موجود ہیں جو کسی بھی فلم کی کامیابی کی علامت سمجھے جاتے ہیں مگر اس کیلئے سرمایہ کاروں کو ایک قدم آگے آنا ہو گا۔

مزیدخبریں