( یاور ذوالفقار ) لاہور ہائیکورٹ میں پاکستان ریلوے کے ملازمین کی مستقلی کیلئے دائر درخواستوں پر سماعت، عدالت نے درخواستیں ڈی ایس پاکستان ریلوے کو بھجواتے ہوئے قانون کے مطابق فیصلہ کرنے کا حکم دیدیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے سنگل بنچ نے محمد علی سمیت دیگر نو درخواستوں پر سماعت کی۔ درخواست گزار کے وکیل نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ ملازمین کئی سالوں سے محکمہ میں کنٹریکٹ بنیادوں پر کام کر رہے ہیں، درخواستگزاروں کی جانب سے متعلقہ حکام کو متعدد درخواستیں دینے کے باوجود ریگولر نہیں کیا جا رہا ہے اور نہ ہی شنوائی ہورہی ہے۔
وکیل نے عدالت کو مزید آگاہ کیا کہ حکومتی پالیسی کے مطابق دیگر محکموں کے کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کیا جاچکا ہے، وکیل نے استدعا کی کہ عدالت محکمے کو ملازمین کو ریگولر کرنے کا حکم دے۔
عدالت نے تمام دلائل سننے کے بعد درخواستیں ڈی ایس پاکستان ریلوے کو بھجواتے ہوئے قانون کے مطابق فیصلہ کرنے کا حکم دیدیا۔