(سٹی42)پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہاکہ پاکستان کے شاہینوں کو قوم سلام پیش کرتی ہے پاک فضائیہ نے اپنی تابندہ اور درخشاں روایات میں آج ایک اور روشن باب کا اضافہ کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف کااپنے بیان میں کہناتھاکہ پاک فضائیہ نے اپنی تابندہ اور درخشاں روایات میں آج ایک اور روشن باب کا اضافہ کردیا ہے،اللہ تعالی کا شکر ہے کہ اس نے ہمیں دشمن پر فتح ونصرت عطا فرمائی، قوم سجدہ شکر بجا لائے ہر جارحیت پر دشمن کو ایسا ہی دندان شکن جواب ملے گا، انشاءاللہ بھارت کو اس کی جارحیت کا جواب مل گیا، اب بھی وقت ہے کہ نریندر مودی دانشمندی کی راہ اپنائیں۔
پاکستان کی مسلح افواج نے ثابت کردیا ہے کہ وہ مادر وطن کے ایک ایک انچ کا دفاع کرنے اور جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت ہے پاکستان اپنی خودمختاری سالمیت اور عزت و وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا،پوری قوم اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ ہیں اور ان پر بھرپور اعتماد رکھتی ہے یہ بھارت کے لئے پیغام ہے کہ وہ جنگی جنون اور جنوبی ایشیا میں بدامنی کی منفی سوچ ترک کرے ۔
ان کاکہناتھاکہ جنگ و جدل مسائل کا حل نہیں ابھی بھی وقت ہے کہ بھارتی قیادت ہوش کے ناخن لے اور امن و مذاکرات کی راہ اپنائے بھارتی قیادت حماقت پر مزید حماقت کی غلطی نہ کرے۔
واضح رہے کہ پاک فضائیہ نے بھارتی ائیر فورس کے دو طیاروں کو پائلٹ سمیت مار گرایا ہے، پاکستانی حدود کی خلاف ورزی کرنے پر ان کو نشانہ بنایا گیا۔