ویب ڈیسک : سنچورین ٹیسٹ میں جنوبی افریقا کی ٹیم پہلی اننگز میں 301 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی اور دوسرے روز کے کھیل کے اختتام پر پاکستان نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 88 رنز بنالیے۔
سنچورین میں ٹیسٹ کے دوسرے دن جنوبی افریقا نے 82 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ سے پہلی اننگز کا دوبارہ آغاز کیا، کپتان ٹیمبا باووما اور ایڈین مارکرم نے چوتھی وکٹ پر 70 رنز جوڑے، باووما 31 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔پانچویں وکٹ پر مارکرم اور بیڈہنگھم کے درمیان 42 رنز کی شراکت ہوئی، بیڈہنگھم نے 30رنز بنائے، ویرینی اور مارکو ینسین دو، دو اور رابادا 13 رنز بناسکے۔آخری وکٹ کی شراکت میں بوش اور پیٹرسن نے 47 رنز کا اضافہ کیا، کوربن بوش نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 81 رنز بنائے ۔
جنوبی افریقا کی ٹیم 301 رنزبناکر آؤٹ ہوئی اور پہلی اننگز میں پاکستان کے خلاف 90 رنز کی برتری حاصل کرلی۔پاکستان کی جانب سے خرم شہزاد اور نسیم شاہ نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں، دو کھلاڑیوں کو عامر جمال نے آؤٹ کیا۔
پاکستان کی دوسری اننگز
پاکستان نے دوسری اننگز کا آغاز کیا تو صائم ایوب اور شان مسعود 28،28 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، چار رنزبنانے کے بعد کامران غلام بھی میدان چھوڑ گئے۔دوسرے دن کا کھیل جب ختم ہوا تو پاکستان نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 88رنز بنالیے تھے، اُسے جنوبی افریقا کی پہلی اننگز کی برتری ختم کرنے کیلئے مزید دو رنز درکار ہیں۔بابر اعظم 16 اور سعود شکیل 8رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔
کھیل کے پہلے روز جنوبی افریقا نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا جس کے جواب میں پاکستان ٹیم 211 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی تھی۔