ملالہ یوسفزئی کی زندگی اور جدوجہد جاپانی نصاب کا حصہ بن گئی

27 Dec, 2024 | 01:14 PM

ویب ڈیسک:جاپان کے تعلیمی اداروں میں امن، تعلیم اور خواتین کے حقوق کے حوالے سے آگاہی کے لیے ملالہ یوسفزئی کی زندگی اور جدوجہد کو نصاب میں شامل کر دیا گیا ۔ 

دنیا کی سب سے کم عمر نوبل انعام یافتہ، پاکستانی ملالہ یوسفزئی کو جاپانی طلبہ کے لیے ایک مثالی شخصیت کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے۔ملالہ کی جدوجہد، تعلیم کے فروغ کے لیے ان کی خدمات اور خواتین کے حقوق کے حق میں ان کی بہادری کو جاپانی سکولوں کے نصاب میں شامل کرنے کا مقصد طلبہ میں انسانیت، امن اور مساوات کے لیے شعور بیدار کرنا ہے۔ یہ موضوع مڈل اور ہائی سکول کے طلبہ کیلئے ایک خصوصی مضمون کی شکل میں پڑھایا جائے گا۔

جاپانی وزارتِ تعلیم کے مطابق ملالہ کی کہانی دنیا بھر میں ظلم اور ناانصافی کے خلاف ایک روشن مثال ہے اور اسے نصاب کا حصّہ بنانے کا مقصد طلبہ کو حوصلہ دینا ہے کہ وہ دنیا کو ایک بہتر جگہ بنانے میں اپنا کردار ادا کریں، اس اقدام سے طلبہ کو ناصرف ملالہ کی زندگی سے سبق حاصل ہوگا بلکہ وہ عالمی مسائل جیسے خواتین کی تعلیم اور امن کی اہمیت کو بھی بہتر طور پر سمجھ سکیں گے۔

ملالہ یوسفزئی نے جاپان کے اس فیصلے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تعلیم کے ذریعے معاشرتی ترقی ممکن ہے اور جاپان کا یہ اقدام دیگر ممالک کے لیے بھی ایک مثال بنے گا۔

مزیدخبریں