سٹی 42 : لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بوندا باندی کا سلسلہ جاری ہے، جس کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے، شہر میں آئندہ 24 گھنٹوں میں مزید 10 فیصد بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے ۔
لاہور کے علاقوں ایبٹ روڈ، شملہ پہاڑی، لکشمی چوک، ایمپریس روڈ میں ہلکی بارش ہوئی جبکہ کوپر روڈ، ریلوے سٹیشن اور مغل پورہ کے علاقوں میں بارش ہوئی۔علاوہ ازیں ڈیفنس، پنجاب سوسائٹی، شنگھائی روڈ، کچا جیل روڈ، کوٹ لکھپت، غازی روڈ، شوکت ٹاؤن، والٹن اور مولانا شوکت علی روڈ سمیت مختلف علاقوں میں بھی بادل برسے۔
ادھر پنجاب کے دیگر شہروں قصور، سیالکوٹ اور گوجرانوالہ میں بھی بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور کا موجودہ درجہ حرارت 17 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 70 فیصد تک پہنچ چکا ہے۔ شہر میں 6 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے لگی ہیں اور آئندہ چند روز تک سورج اور بادلوں کے درمیان آنکھ مچولی جاری رہنے کی توقع ہے۔ شہر لاہور میں صبح کے مقابلے میں فضائی آلودگی میں کمی دیکھنے کو ملی ہے تاہم 188 اے کیو آئی کے ساتھ لاہور فضائی آلودگی کے حوالے سے دوسرے نمبر پر ہے۔ یو ایس قونصلیٹ میں 547 اور جوہر ٹاؤن میں 463 کی آلودگی کی شرح ریکارڈ کی گئی ہے۔
ماہرین نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت دی ہے تاکہ صحت کے مسائل سے بچا جا سکے۔