پہاڑوں پر بارش اور برفباری ،سردی میں مزید اضافے کی پیشگوئی

27 Dec, 2024 | 09:08 AM

عیسیٰ ترین: محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں موسم کے حوالے سے پیشگوئی کرتے ہوئے میدانی علاقوں میں مزید سردی اور پہاڑی علاقوں میں بارش اور برف باری کا امکان ظاہر کیا ہے۔ 

شہر لاہور  کا مطلع ابر آلود ہے اور ہوائیں چلنے سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا  جبکہ آئندہ چند روز تک سورج اور بادلوں میں آنکھ مچولی جاری رہنے کی توقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 10 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے،  کم سے کم درجہ حرارت 9 اور زیادہ سے زیادہ 17 ڈگری سینٹی گریڈ جانے کا امکان ہے۔   شہر  لاہور میں فضائی آلودگی کی شرح میں ایک بار پھر اضافہ ہوگیا ہے، جس کی مجموعی شرح 233 ریکارڈ کی گئی۔ لاہور آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر آ گیا ہے۔امریکی قونصلیٹ کے علاقے میں فضائی آلودگی کی شرح 792 ریکارڈ کی گئی جبکہ جوہر ٹاؤن میں 662، اڈا پلاٹ میں 607 اور ڈی ایچ اے فیز ایٹ میں 585 کی شرح ریکارڈ کی گئی۔

ماہرین نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے، جن میں ماسک کا استعمال، گھروں میں رہنے اور کھلی فضاء میں کم وقت گزارنے کی سفارش کی گئی ہے۔

 بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور سرد رہنے کا امکان ہے جبکہ پہاڑی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں شدید سردی کی لہر جاری رہے گی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ اور قلات میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔زیارت میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 7 ،ژوب میں منفی 4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا،  سبی میں کم سے کم درجہ حرارت 4 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ تربت میں 8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔نوکنڈی میں کم سے کم درجہ حرارت 1 ڈگری سینٹی گریڈ، چمن میں منفی 1 ڈگری سینٹی گریڈ اور گوادر میں کم سے کم درجہ حرارت 11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ جیوانی میں کم سے کم درجہ حرارت 10 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

دوسری جانب کشمیر، گلگت، شمال مشرقی پنجاب، بالائی خیبرپختونخوا، مری، گلیات اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں ہلکی بارش اور ہلکی برفباری کا امکان ہے۔ اسلام آباد اور گرد و نواح میں موسم سرد اور مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ بوندا باندی ہونے کا امکان ہے۔پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے۔ مری، گلیات اور گرد و نواح میں موسم شدید سرد اور مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ شام یا رات کو ہلکی بارش اور ہلکی برفباری کا امکان ہے تاہم سیالکوٹ، نارووال، گوجرانوالہ، لاہور، شیخوپورہ اور گرد و نواح میں ہلکی بارش یا بوندا باندی ہو سکتی ہے۔

سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے تاہم صبح اور رات کے اوقات میں سکھر، شہید بینظیر آباد، شکارپور، کشمور، خیر پور، مو ہنجو داڑو اور گرد و نواح میں دھند چھائے رہنے کی توقع ہے۔خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سرد رہنے کے ساتھ ایبٹ آباد، ما نسہرہ، چترال، سوات، دیر، کو ہستان میں مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ ہلکی بارش یا ہلکی برفباری ہونے کا امکان ہے۔

مزیدخبریں