وسیم احمد: سال 2024 پاکستان کرکٹ کے لیے تبدیلیوں اور چیلنجز کا سال رہا, پاکستان کرکٹ بورڈ کی سربراہی محسن نقوی کو سونپی گئی اور قومی وائٹ بال ٹیم کی قیادت کا تاج وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان کے سر سجا۔ اس سال پاکستان کرکٹ نے کئی بلندیوں کو چھوا مگر کچھ مایوس کن نتائج کا سامنا بھی کرنا پڑا۔
سال 2024 میں پاکستان کی کرکٹ ٹیم نے مختلف سطحوں پر تبدیلیاں دیکھیں جن میں قومی ٹیم کے کپتان اور ہیڈ کوچ کے عہدوں میں تبدیلیاں شامل ہیں۔ وائٹ بال ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے قائدانہ ذمہ داری سنبھالی جبکہ ریڈ بال اور وائٹ بال کے ہیڈ کوچ بھی تبدیل ہوئے۔
ون ڈے کرکٹ میں کامیاب سفر:
پاکستان نے 2024 میں 9 ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے جن میں سے 7 میچز میں کامیابی حاصل کی اور 2 میچز میں شکست کا سامنا کیا۔ پاکستان نے آسٹریلیا زمبابوے اور جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز میں حصہ لیا اور جنوبی افریقہ کو تین صفر سے تاریخی وائٹ واش کیا۔ یہ فتح پاکستان کی ایک بڑی کامیابی ثابت ہوئی جس کے بعد جنوبی افریقہ کو ون ڈے کرکٹ میں وائٹ واش کرنے والی پہلی ٹیم بننے کا اعزاز حاصل کیا۔
ٹی ٹونٹی کرکٹ میں مایوس کن کارکردگی:
سال 2024 میں پاکستان ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ میچز ہارنے والی ٹیم بن گئی۔ پاکستان نے 27 ٹی ٹونٹی میچز کھیلے جن میں سے صرف 9 میچز میں کامیابی حاصل کی، جبکہ 17 میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا اور ایک میچ بے نتیجہ رہا۔ پاکستان ٹیم نے 2024 میں امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں ہونے والے عالمی کپ میں بھی حصہ لیا، مگر پہلے راونڈ تک ہی پاکستان کا سفر محدود رہا۔
ٹیسٹ کرکٹ میں کچھ کامیابیاں:
پاکستان نے 2024 میں دو ٹیسٹ سیریز کھیلی، جن میں سے بنگلہ دیش کے خلاف ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، لیکن انگلینڈ کے خلاف شاندار کامیابی حاصل کی۔ اس کے علاوہ پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں تیسری ٹیسٹ سیریز میں مدمقابل آئیں۔
سال 2024 پاکستان کرکٹ میں جہاں ایک طرف تبدیلیوں کا سال رہا وہیں دوسری طرف کئی چیلنجز کا سامنا بھی رہا تاہم آئندہ سال میں نئے کپتان محمد رضوان سے نوجوان کرکٹرز کی بہترین کارکردگی کی توقع کی جا رہی ہے۔