ڈینگی کے وار جاری ، مزید نئے کیسز رپورٹ

27 Dec, 2023 | 01:29 PM

Ansa Awais

ویب ڈیسک : پنجاب میں ڈینگی وائرس کے مریضوں کی تعداد میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ ہوتا جارہا ہے، گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران لاہور میں 4 نئے مریضوں میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق سیکرٹری ہیلتھ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ رواں سال پنجاب کے 36 اضلاع میں ڈینگی کے 15ہزارایک سو 60 کنفرم مریض رپورٹ ہوئے۔سیکرٹری ہیلتھ علی جان خان کا کہنا ہے کہ رواں سال لاہور میں ڈینگی کے 7014 کنفرم مریض رپورٹ ہوئے، جبکہ رواں سال راولپنڈی میں ڈینگی کے کل 2654 مریض رپورٹ ہوئے، پنجاب بھر کے اسپتالوں میں اس وقت ڈینگی کے 15 مریض زیر علاج ہیں۔

 دوسری جانب واضح رہے کہ دنیا بھر میں ہر سال تقریباً 40 کروڑ کے قریب لوگ ڈینگی سے متاثر ہوتے ہیں جبکہ ماضی میں تو یہ بخار وبائی صورت اختیا کرگیا تھا۔ پاکستان میں بھی اکثرڈینگی بخار کے تیزی سے پھیلنے کے باعث صوبائی اور وفاقی حکومتوں کو آگاہی مہم کا سہارا لینا پڑتا ہے۔اس مہلک وائرس کے علاج کے حوالے سے اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔ امریکا کی ملٹی نیشنل کمپنی جانسن اینڈ جانسن نے ڈینگی کے علاج کے لیے ٹیبلٹ بنانے میں کامیابی حاصل کرلی ہے۔ کمپنی کی جانب سے دعویٰ سامنے آیا ہے ٹیبلٹس کا ٹرائل کامیاب رہا ہے۔

جانسن اینڈ جانسن کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ این جے 1802 نامی ٹیبلٹ کے ذریعے جسم سے ڈینگی کا وائرس ختم کیا جاسکتا ہے اور یہ انفیکشن کو بھی روک سکتی ہے۔کمپنی کا کہنا تھا کہ ٹرائل کے پہلے مرحلے میں 15 لوگوں کو ٹیبلٹس دی گئیں جن میں سے 10 افراد پر یہ ٹرائل مکمل طور پر کامیاب رہا۔

مزیدخبریں